مسعود اظہر ’عالمی دہشت گرد‘قرار
لازوال ڈیسک
نیویارک اقوام متحدہ کی سیکیورٹی کونسل کمیٹی نے جیش محمد کے سربراہ مسعود اظہر کو پابندی کی فہرست میں شامل کر دیا۔سلامتی کونسل کی ویب سائٹ پر جاری بیان میں کہا گیا کہ ‘سیکیورٹی کونسل کمیٹی نے دہشت گرد تنظیموں داعش، القاعدہ، ان سے منسلک افراد، گروپ اور اداروں سے متعلق قراردادوں 1267 (1999)، 1989 (2011) اور 2253 (2015) کے مطابق مسعود اظہر کا نام پابندی کی فہرست میں شامل کرنے کی منظوری دے دی ہے۔واضح رہے کہ جنوبی کشمیر کے پلوامہ میں چودہ فروری کوسی آر پی ایف کانوائے پر حملے کے بعد فرانس اور برطانیہ نے بھی ایسی ہی قرارداد پیش کی تھی جسے چین نے تکنیکی بنیادوں پر روک دیا تھا۔لیکن گذشتہ روز چین سے متعلق یہ اطلاعات سامنے آئی تھیں کہ اقوامِ متحدہ کی سینکشنز کمیٹی 1267 میں مسعود اظہر کو دہشت گرد قرار دینے کے بارے میں پیش رفت ہوئی ہے۔یاد رہے کہ بھارت2016 سے مسعود اظہر کو اس فہرست میں شامل کرنے کا خواہاں رہا ہے تاہم چین اِس کی مخالفت کرتا رہا ہے۔چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان جینگ شوانگ نے امریکہ کی طرف سے قرارداد پیش کرنے کی کوششوں کے بارے میں کہا تھا کہ اس کا کوئی جواز نہیں ہے اور یہ ایک غلط روایت کو جنم دے گا۔اقوام متحدہ کی قرارداد 1267 کے تحت القاعدہ اور طالبان سے تعلق رکھنے والے افراد کے نام ایک فہرست میں شامل کیے جاتے ہیں۔ اس فہرست میں کسی شخص کا نام ڈالنے کا ایک طریقہ کار ہے جس کے تحت کوئی ملک کسی شخص پر دہشت گردی میں ملوث ہونے کا الزام لگا کر اس کا نام اس فہرست میں ڈالنے کی درخواست کر سکتا ہے۔ لیکن اس کے لیے اسے شواہد پیش کرنے ہوتے ہیں اور ایک کمیٹی شہادتوں کا جائزہ لے کر فیصلے کے ذریعے کسی شخص کا نام اس میں ڈال سکتی ہے۔