وادی کے یمین ویسار میں ایک روز کے بعد معمولات زندگی بحال

0
0

یواین آئی

سرینگرلبریشن فرنٹ کے محبوس لیڈر محمد یاسین ملک کے ساتھ تہاڑ جیل میں این آئی اے کے مبینہ غیر قانونی اور ہتک آمیز سلوک کے خلاف یک روزہ ہڑتال کے بعد بدھ کے روز وادی میں معمولات زندگی بحال ہوئے۔بتادیں کہ حریت کانفرنس کے دونوں دھڑوں اور جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کے قائدین پر مشتمل مشترکہ مزاحمتی قیادت نے یاسین ملک کے ساتھ تہاڑ جیل میں این آئی اے کے مبینہ غیر قانونی اور ہتک آمیز سلوک کے خلاف ‘کشمیر بند’ کی کال دی تھی جس کے باعث منگل کے روز وادی میں معمولات زندگی مفلوج ہوکر رہ گئے۔تاہم بدھ کے روز برستی بارش کے بیچ جہاں وادی کے شہر سری نگر کے تما م علاقوں بشمول تجارتی مرکز لالچوک، بڈشاہ چوک، ریگل چوک، بٹہ مالو، ڈلگیٹ، ہری سنگھ ہائی سٹریٹ وغیرہ کے علاوہ جملہ ضلع صدر مقامات وقصبہ جات میں معمولات زندگی بحال ہوئے وہیں ریل سروس بھی یک روزہ معطلی کے بعد بحال ہوئی۔ایک ریلوے عہدیدار نے یو این آئی کو بتایا کہ بدھ کے روز وادی میں ریل سروس کو بحال کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ ریلوے محکمہ مقامی انتظامیہ اور پولیس کی ہدایات کے مطابق عمل کرکے ریل سروس کو معطل یا بحال کرتا ہے تاکہ مسافروں، ریلوے عملے اور املاک کے تحفظ کو یقینی بنایا جاسکے کیونکہ ماضی میں ہڑتالوں کے دوران ریلوے املاک کو نقصان پہنچا ہے۔شہر سری نگر کے تمام علاقوں کے بازاروں میں معمول کی گہماگہمی بحال ہوئی، دکان کھلے رہے، سرکاری وغیر سرکاری دفاتر ودیگر تجارتی مراکز میں کام کاج بحال ہوا اور سڑکوں پر ٹریفک کی نقل وحمل بھی حسب معمول جاری رہی۔جنوبی کشمیر کے چاروں اضلاع میں بھی معمولات زندگی بحال ہونے کی اطلاعات ہیں جہاں گذشتہ روز اننت ناگ پارلیمانی حلقے کی پولنگ کے پہلے مرحلے کے لئے اننت ناگ ضلع میں پولنگ ہوئی۔شمالی کشمیر کے تینوں اضلاع کے بازاروں میں دکان بدھ کی صبح ہی کھل گئے اور سڑکوں پر ٹریفک کی نقل وحمل جاری رہی۔وسطی کشمیر کے ضلع گاندربل اور بڈگام میں بھی معمولات زندگی بحال ہونے کی اطلاعات ہیں۔

FacebookTwitterWhatsAppShare

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا