انکی حکومت بالاکوٹ جیسے دوسرے حملے کے لئے زمین ہموار کررہی ہے: محبوبہ مفتی
شاہ ہلال
سری نگرپی ڈی پی صدرمحبوبہ مفتی نے وزیر اعظم نریندر مودی کے بیان کہ پاکستان نے اگر دوسری غلطی کی تو اس کو لینے کے دینے پڑجائیں گے، کے حوالے سے کہا ہے کہ بی جے پی حکومت بالا کوٹ کے طرز کے دوسرے حملے کے لئے زمین ہموار کررہی ہے۔بتادیں کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے اتوار کے روز اترپردیش کے شہر مراد آباد میں ایک انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا ‘اُدھر والوں (پاکستان) کو بھی سمجھ میں آ گیا ہے کہ اگر تیسری غلطی کی تو لینے کے دینے پڑیں گے’۔محبوبہ مفتی نے اس پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا ‘ایسا لگتا ہے کہ انتخابات کو جیتنے کی آرزو میں فوجی جوانوں کی قربانیوں کے غلط استعمال اور رائے دہندگان کو منقسم کرنے سے بی جے پی کو کوئی فائدہ حاصل نہیں ہوا۔اب وہ قومی سیکورٹی کو ڈھال بناکر خوف کا ماحول تیار کرکے بالاکوٹ جیسے حملے کے لئے زمین ہموار کررہے ہیں’۔دریں اثنا محبوبہ مفتی نے پیر کے روز جنوبی کے ضلع اننت ناگ کے قصبہ بجبہاڑہ میں منعقدہ ایک انتخابی جلسے کے حاشیہ پر نامہ نگاروں کو بتایا کہ چونکہ بی جے پی کو پارلیمانی انتخابات کے پہلے مرحلے میں اپنی شکست نظر آرہی ہے، اس لئے اب وہ لوگوں میں عدم تحفظ کا احساس پیدا کررہی ہے۔ان کا کہنا تھا ‘میں نے پہلے بھی کہا کہ جو نریندر مودی صاحب ہیں، وہ ہر محاذ پر ناکام ہوگئے ہیں۔ انہوں نے یہاں فرقہ وارانہ فسادات کرانے کی کوشش کی۔ اس کے بعد انہوں نے بالاکوٹ حملے کا ڈرامہ کیا۔ بی جے پی کو انتخابات کے پہلے مرحلے میں اپنی شکست نظر آرہی ہے۔ وہ اب لوگوں میں عدم تحفظ کا احساس پیدا کررہے ہیں۔ ایسا لگتا ہے کہ وہ پاکستان پر بالاکوٹ جیسا دوسرا حملہ کرنا چاہتے ہیں تاکہ ان کو انتخابات کے اگلے مرحلوں میں ووٹ ملے۔ پاکستان پر حملے اور کشمیر میں لوگوں کے ساتھ سختی کرنے کی باتوں کا مقصد ووٹ حاصل کرنا ہے’۔پی ڈی پی صدر نے بالاکوٹ حملے کی تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ‘ممتا بنرجی، مایا وتی اور دوسرے لیڈران کہتے ہیں کہ ہمیں یہ بتایا جائے کہ پلوامہ حملہ کیوں اور کیسے ہوا۔ اس کی باضابطہ انکوائری ہونی چاہیے۔ تاکہ جھوٹ اور سچ سامنے آئے’۔