سی پی آئی (ایم) نے انتخابی بانڈ پرسپریم کورٹ کے فیصلے کا خیرمقدم کیا
یواین آئی
نئی دہلیسپریم کورٹ نے جمعہ کو تمام سیاسی پارٹیوں کو انتخابی بانڈ کے ذریعے حاصل چندوں کی تفصیل 30 مئی تک الیکشن کمیشن کو مہیا کرانے کا حکم دیا۔ چیف جسٹس رنجن گوگوئی، جسٹس دیپک گپتا اور جسٹس سنجیو کھنہ کی بنچ نے اپنے عبوری حکم میں کہا،‘تمام پارٹیاں بینک کھاتے ، چندہ دینے والوں کے نام اور حاصل چندے کی رقم کی تفصیل سیل بند لفافے میں کمیشن کو مہیا کرائیں گے ’۔سپریم کورٹ نے کہا کہ وہ متعلقہ قانون میں کی گئی تبدیلیوں کی وسیع پیمانے پر تجزیہ کرے گا او ریہ یقینی بنائے گی کہ اس سے کسی خاص پارٹی کو غیر ضروری فائدہ نہ مل پائے ۔ عدالت نے وزارت خزانہ کو حکم دیا کہ وہ اپریل۔مئی میں انتخابی بانڈ کی خرید کے لیے 10دن کے بجائے پانچ دن کا وقت رکھے ۔ عدالت نے غیر سرکاری تنظیم کامن کاز کی عرضی پر سماعت کے بعد گذشتہ روز حکم فیصلہ محفوظ رکھ لیا تھا۔ اس دوران کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا (مارکسسٹ) نے انتخابی بانڈ کے بارے میں سپریم کورٹ کے فیصلے کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ الیکشن کی فنڈنگ میں شفافیت کو بنائے رکھنے کے سمت میں سپریم کورٹ نے درست اقدام کیا ہے ۔ پارٹی پولٹ بیورو نے سپریم کورٹ کے فیصلے پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے جمعہ کے روز کہا کہ سی پی آئی(ایم) انتخابی بانڈ کے ذریعے حاصل رقم کے تفصیلات کو عام کرنے کا مطالبہ کرتی رہی ہے تاکہ پتہ چلے کہ کس پارٹی کو کس کے ذریعے کتنی رقم ملی ہے لیکن حکومت کی جانب سے اٹارنی جنرل نے عدالت میں دلیل دی کہ رائے دہندگان کویہ جاننے کا حق نہیں ہے کہ کس پارٹی کو کس نے چندہ دیا ہے لیکن سپریم کورٹ نے حکومت کی یہ دلیل ٹھکرا دی۔ غورطلب ہے کہ عدالت میں اس انتخابی بانڈ کے خلاف مقدمہ دائرکرنے والوں میں ایک عرضی گزار خود سی پی آئی (ایم)بھی ہے ۔ سی پی آئی (ایم) نے اپنی پریس ریلیز میں کہا ہے کہ سپریم کورٹ نے اپنے عبوری فیصلے میں کہا ہے کہ عوام کو یہ جاننے کا حق ہے ۔ کہ کس پارٹی کو کس شخص سے کتنی رقم ملی کیونکہ انتخابی فنڈنگ کا اہم بنیاد شفافیت ہے ۔ پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ پارلیمنٹ میں وزیرخزانہ ارون جیٹلی نے منی بل کی شکل میں انتخابی بانڈ سے مختلف بل پاس کروایا اور اسے پیش کرنے پر پوری بحث بھی نہیں ہونے دی۔ پارٹی نے کہا کہ اس انتخابی بانڈ کے خلاف اس کی جدوجہد رنگ لائی اور وہ الیکشن فنڈنگ کو کارپوریٹ کے اثر سے آزاد کروانے کے لیے اپنی لڑائی جاری رکھے گی۔