کہا مودی ایک موقع گنوا چکے ہیں مگر امید اب بھی زندہ
یواین آئی
سرینگرپی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی نے وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے وزیر اعظم مودی سے متعلق بیان پر اپنا ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگرچہ آخرالذکر ایک موقع گنوا چکے ہیں مگر امید اب بھی زندہ ہے۔ پاکستانی وزیر اعظم عمران خان نے اپنے ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ اگر ہندوستان میں بی جے پی دوبارہ بر سراقتدار آسکتی ہے تو دونوں ممالک کے درمیان تمام مسائل حل ہونے کی امیدیں بڑھ سکتی ہیں۔انہوں نے کہا ہے کہ اگر کانگریس عام انتخابات جیت کرہندوستان میں حکومت بنائے گی تو انہیں (کانگریس کو) پاکستان کے ساتھ تنازعے حل کرنے میں دائیں بازو کی جماعت بی جے پی کا خوف رہتا ہے۔پی ڈی پی کی طرف سے قومی شاہراہ پر پابندی کے متعلق سرکاری فیصلے کے خلاف منعقدہ احتجاج کے حاشیہ پر پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی نے نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا ‘عمران خان صاحب نے کہا ہے کہ اگر انڈیا میں مودی کی سرکار دوبارہ آتی ہے تو ہندوستان اور پاکستان کی بات چیت کے لئے بہتر ہوگا۔ یہی کچھ مفتی صاحب کا بھی ماننا تھا۔ ان کو معلوم تھا کہ بی جے پی کا وزیر اعظم جس کے ساتھ جن سنگھ، آر ایس ایس اور شیو سینا ہے۔ اگر بھاجپا وزیر اعظم چاہے تو وہ واجپئی کی طرح پاکستان کے ساتھ بات چیت کرسکتا ہے’۔انہوں نے کہا ‘مگر مودی جی نے اس سنہری موقع کو گنوا دیا۔ بدقسمتی سے وہ اس موقع کا فائدہ نہیں اٹھا سکے، عمران خان صاحب کو جو امید مودی جی سے ہے کہ ان کے دوبارہ اقتدار میں آنے سے بات چیت ہوگی۔ ہم بھی وہی امید کریں گے۔ مودی جی ایک موقع کھوچکے ہیں۔ اگر دوبارہ وزیر اعظم منتخب ہوئے تو وہ اس موقع سے فائدہ اٹھائیں گے’۔ دریں اثنا محبوبہ مفتی نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے وزیر اعظم کی طرف سے نریندر مودی کو دوبارہ کامیاب ہونے کے بیان کے ردعمل میں کہا ہے کہ پی ڈی پی کے بانی اور سابق وزیر اعلیٰ مفتی محمد سعید کا بھی ماننا تھا کہ مودی مذاکراتی عمل بحال کرکے مسائل کا حل تلاش کریں گے۔انہوں نے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا ‘مفتی صاحب کا بھی پاکستانی وزیر اعظم کی طرح یہ ماننا تھا کہ مودی جس کو دائیں بازو کی حمایت حاصل ہے، بھی واجپائی جی کی طرف سے شروع کی گئی مذاکراتی عمل کو آگے بڑھائیں گے، کانگریس بی جے پی اور دیگر دائیں بازو جماعتوں کے خوف کی وجہ سے ایسا نہ کرسکی، لیکن مودی نے بھاری منڈیٹ حاصل ہونے کے باوصف اس موقع کو ضائع کیا’۔ادھر نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبداللہ نے عمران خان کو ہندوستان میں مودی کی کامیابی کی بات کرنے پر آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان والے چاہتے ہیں کہ مودی صاحب دوبارہ کامیاب ہوجائیں۔انہوں نے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا ‘مودی صاحب ملک کو بتا رہے ہیں کہ صرف پاکستان اور اس کے ہمدر بی جے پی کی شکست چاہتے ہیں۔ عمران خان نے ابھی اس کی دوسری بار وزیر اعظم بننے کی حمایت کی ہے’۔