افسپا کے سلسلے میں دوہرا رویہ اختیار کرہی ہے : کانگریس
یواین آئی
بھونیشور؍؍کانگریس نے مرکز کی بی جے پی کی قیادت والی قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے) حکومت پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ وہ آرمڈ فورسیز (اسپیشل فورسیز)ایکٹس(افسپا)اور شورش زدہ علاقہ ایکٹ کے سلسلے میں دوہرا رویہ اختیار کررہی ہے۔آل انڈیا کانگریس کمیٹی (اے آئی سی سی) کی ترجمان پرینکا چترویدی نے بی جے پی کو ’عیار اور بے شرم‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ این ڈی اے حکومت نے اروناچل پردیش کے تین اضلاع سے خود ہی افسپا ہٹا لیا لیکن اس کا تجزیہ کیے جانے کے عہد کے سلسلے میں کانگریس کی انتخابی منشور کی تنقید کی ہے۔محترمہ چترویدی پارٹی کی انتخابی منشور کو جاری کرنے کی غرض سے بھونیشور پہنچیں تھیں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس نے کبھی دعویٰ نہیں کیا کہ وہ افسپا کو ہٹائے گی جیسا کہ بی جے پی الزام عائد کررہی ہے لیکن یہ ضرور کہا ہے کہ وہ ان مسائل پر گفتگو کرے گی اور اس کے بعد ہی کوئی فیصلہ کرے گی۔ انہوں نے الزام لگایا کہ جموں وکشمیر میں اتحادی حکومت بنانے والی بی جے پی نے ریاست میں افسپا ہٹائے جانے کے سلسلے میں پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) سے اتحاد کیا تھا۔اے آئی سی سی کے ترجمان نے کہا کہ گذشتہ پانچ سال کے دوران ملک میں دہشت گردانہ سرگرمیوں میں 250 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سے قبل ملک کی تاریخ میں اتنا اضافہ نہیں ہواکہ ایک وزیر اعظم ’مان نہ مان میں تیرا مہمان‘دشمن کے گھر کا دورہ کرے اور ان کے ساتھ ناچے اور بریانی کھائے۔انہوں نے کہا کہ پلوامہ حملہ خفیہ ایجنسیوں کی سب سے بڑی ناکامی ہے۔ سابق وزیر اعظم اٹل بہاری واجپئی کے دور اقتدار میں کارگل جنگ، تابوت گھپلہ اور پارلیمنٹ پر حملے جیسے واقعات ہوئے۔ انہوں نے بی جے پی حکومت کا مذاق اڑاتے ہوئے کہا کہ قومی سلامتی کے صلاح کار اجیت دوبھال نے آئی ایس آئی کے چیف کے ساتھ بینکاک میں خفیہ میٹنگ کی اور یہی بی جے پی وطن پرستی (دیش بھکتی) کا سبق پڑھا رہی ہے