میں چوکیدار ہوں، عوام کے پیسوں پر پنجہ نہیں پڑنے دوں گا: مودی

0
44

یو این آئی
نئی دہلیوزیر اعظم نریندر مودی نے آج خود کو ملک کا چوکس چوکیدار قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کے رہتے ہوئے عوام کے پیسوں پر کوئی پنجہ نہیں ڈال سکتا۔مسٹر نریندر مودی نے یہاں تال کٹورہ اسٹیڈیم سے ملک کے پانچ سو سے زیادہ مقامات پر ‘میں بھی چوکیدار ہوں’ مہم کا آغاز کرتے ہوئے کہا کہ بدعنوانی کے خلاف ان کی حکومت نے سخت قدم اٹھایا ہے اور جس نے بھی غلط کام کیا ہے وہ بچ نہیں سکتا ہے۔ ان کی حکومت نے کرپشن پر شکنجہ کسا ہے اور ان کے چوکیدار ہوتے ہوئے ملک کو کوئی نہیں لوٹ سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ” ملک کے عوام اس چوکیدار کو پسند کرتے ہ?ں۔ اس چوکیدار پر ملک کے عوام کا اعتماد ہے تو یہ چوکیدار کوئی بدعنوانی نہیں ہونے دے گا اور کسی بدعنوان کا پنجہ ملک کے عوام کے پیسے پر نہیں پڑنے دے گا”۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے کے لئے کام کرنے والا ہر شخص چوکیدار ہوتا ہے اور چوکیدار کسی چوکھٹ سے بندھا ہوا نہیں ہوتا ہے۔وزیر اعظم نے کہا کہ ملک کے عوام کو راجہ مہاراجاو¿ں کی ضرورت نہیں ہوتی ہے بلکہ ایک چوکیدار ہی چاہئے اور وہ چوکیدار کی ذمہ داری نبھانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ملک کے 125 کروڑ لوگوں نے اس چوکیدار کو بھرپور پیار دیا ہے اور اب ملک کے عوام چاہتے ہ?ں کہ یہی چوکیدار پھر ملک کی باگ ڈور سنبھالے۔مسٹر نریندر مودی نے کہا کہ ملک کے عوام نے انہیں چوکیدار بنایا ہے۔ سال 2014 میں وہ نئے نئے تھے اور تب تک ان کی شناخت صرف ایک وزیر اعلی کے طور پر ہی تھی لیکن اس دوران جس طرح سے ان کے مخالفین نے ان کی تنقید کی کہ اس سے انہیں اور زیادہ مقبولیت ملی۔ ان کی تنقیدوں کی وجہ سے ملک میں تذکرہ شروع ہوا تھا کہ آخر یہ انسان ہے کون جس کی اتنی تنقید ہو رہی ہے۔وزیر اعظم نے کہا کہ گزشتہ عام انتخابات کے دوران انہوں نے لوگوں سے کہا تھا کہ آپ دہلی کی ذمہ داری ایک چوکیدار کو سونپ رہے ہیں۔ ملک کا عام آدمی ٹیکس دیتا ہے۔ اس پر ملک کے غریبوں کا حق ہوتا ہے اور وہ اس رقم پر کوئی پنجہ نہیں پڑنے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس ذمہ داری کوانہوں نے بخوبی ادا کیا ہے اور اب ملک کے عوام انہیں پھر اسی بھروسے کے ساتھ ملک چلانے کی ذمہ داری دے رہے ہیں۔انہوں نے کانگریس پر سخت حملہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ جھوٹے پروپیگنڈے کرتی ہے لیکن اس کے جھوٹ کی عمر بہت لمبی نہیں ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کا جھوٹ موسمی ہوتا ہے۔ جب دہلی میں انتخابات چل رہے تھے تب انہوں نے جھوٹا پروپیگنڈہ کیا تھا کہ چرچ پر حملے ہو رہے ہیں۔ نفرت پھیلائی جا رہی ہے جیسے ہی انتخابات ختم ہوئے تو نفرت کا ماحول بھی ختم ہو گیا۔اس موقع پر پاکستان کو نشانہ بناتے ہوئے مسٹر مودی نے کہا کہ ہندوستان کو دنیا کی برابری کرنی ہے لیکن دیکھا گیا ہے کہ ہمارا زیادہ وقت پاکستان سے بات کرتے ہوئے برباد ہو رہا ہے۔ بہتر ہو گا کہ اسے اس کی موت مرنے کے لئے چھوڑ دیں اور ہم آگے بڑھتے رہیں۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا