موجودہ حکومت کے دور میں عوام کی آواز کو کچلا گیا ہے
یواین آئی
اجودھیامرکز میں بھارتیہ جنتا پارٹی کی قیادت والی نریندر مودی حکومت پر آمریت کا الزام لگاتے ہوئے کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے آج کہا کہ موجودہ حکومت کے دور میں عوام کی آواز کو کچلا گیا ہے اور اختلاف کرنے والوں پر لاٹھیاں برسائی گئی ہیں۔ امیٹھی سے چل کر اجودھیا کے کمار گنج پہنچی پرینکا نے ملکی پور اسمبلی حلقہ کے عادل پور میں ایک بڑی کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی کی حکومت میں عوام کی آواز کو کچلا جارہا ہے ۔ مظاہر ہ کرنے والوں پر لاٹھیاں برسائی جاتی ہیں۔ ریاست میں خواتین غیر محفوظ محسوس کرتی ہیں۔ فیض آباد پارلیمانی حلقہ کے امیدوار ڈاکٹر نرمل کھتری کے حق میں انتخابی جلسہ میں بڑی تعداد میں لوگوں کی موجود گی سے مطمئن مشرقی اترپردیش کی انچارج پرینکا نے کہا کہ ملک میں جی ایس ٹی اور نئے قانون نافذ ہوجانے سے صنعت اور کام دھندے بند ہوگئے ہیں۔ جس سے عوام بے حال ہے ۔ عوام کا دکھ درد سننے والا کوئی نہیں ہے ۔ مرکزی حکومت نے سب کو دھوکہ دیا ہے اور وہ کسان مخالف ثابت ہوئی ہے ۔ یوگی حکومت کا مذاق اڑاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت کے قول و فعل میں کافی تضاد ہے ۔ سڑکیں ابھی بھی گڈھے سے پاک نہیں ہوسکی ہیں۔ ملک میں نوجوان بے روزگار ہیں ۔ بی جے پی حکومت نے ملازمتیں بھی چھین لی ہیں۔ پرینکا گاندھی نے کہا کہ وزیر اعظم امریکہ’ جاپان جیسے مختلف ممالک کی سیر کرتے رہتے ہیں لیکن اپنے ملک کے گاوں میں کبھی نہیں جاتے ۔ ان کو کیا پتہ ہے کہ گاوں کیسا ہوتا ہے جب کہ زیادہ تعداد میں غریب خاندان گاوں میں ہی رہتے ہیں۔ مسٹر مودی نے گذشتہ لوک سبھا الیکشن میں وعدہ کیا تھا کہ سب کے اکاونٹ میں پندرہ لاکھ روپے ڈالے جائیں گے لیکن اب تک اس کا کوئی اتہ پتہ نہیں ہے ۔انہوں نے کہا کہ ملک کے وزیر اعظم نریندر مودی کی صرف تقریر ہی لمبی چوڑ ی ہوتی ہے ۔ میں نے سوچا تھا کہ کچھ کام بھی کرتے ہوں گے لیکن یہاں تو دیکھ رہی ہوں کہ کوئی کام ہی نہیں ہوا ہے ۔ دراصل بی جے پی حکومت کا دل کالا ہے ۔ مرکز ی حکومت صنعت کاروں کو امیر بنانے میں لگی ہوئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کے وقت میں منریگا اسکیم بنی تھی او روہ بہت مناسب طریقے سے شروع بھی ہوئی تھی جس سے کافی حد تک غربت کا خاتمہ بھی ہوا لیکن اپوزیشن میں بیٹھ کر اس وقت بی جے پی نے اس کی مخالفت کی تھی او رچھ چھ ماہ میں ان کی حکومت میں منریگا کا پیسہ روکا بھی گیا۔ کانگریس کے جنرل سکریٹری نے کہا کہ مرکز کی نریندر مودی حکومت آ پ کا روزگار چھین کر ٹھیکیداروں کو دے رہی ہے لیکن اب ایسا نہیں ہوگا۔ کانگریس کی حکومت بننے پر 72ہزار روپے سالانہ سے غریبوں کا فائدہ ہوگا۔ کم از کم آمدنی کی گارنٹی ہم دیں گے ۔ غریبوں کو مدد کرنے والی کانگریس پارٹی ہے لیکن بی جے پی ایک ایسی پارٹی ہے جو صنعت کاروں کا قرض معاف کرتی ہے ۔ چوکیدار امیروں کا ہوتا ہے غریبوں کا نہیں۔” انہوں نے کہا کہ ہم کسانوں کا قرض معاف کریں گے ۔ نریندر مودی صر ف جملہ ہی بولتے ہیں کرتے کچھ نہیں ہیں۔ اب ان کی نگاہ اداروں پر قبضہ کرنے کی ہے لیکن میں ایسا نہیں ہونے دوں گی۔ بی جے پی نے صرف خواب دکھائے ہیں لیکن کانگریس نے آزادی کے لئے لڑائی لڑی ۔ سچائی اور اہنسا سے آزادی ملی ۔ سچائی کو کوئی ختم نہیں کرسکتا میں نے سچائی دیکھی ہے ۔