سید نیاز شاہ
پونچھجموں وکشمیر کے ضلع پونچھ میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر گذشتہ شام پاکستانی فائرنگ کے نتیجے میں زخمی ہونے والا فوجی اہلکار اتوار کی صبح اسپتال میں دم توڑ گیا۔ مہلوک فوجی کی شناخت گرینیڈیئر ہری بھاکر ساکنہ راجستھان کے طور پر ہوئی ہے۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ایل او سی کے پونچھ سیکٹر پر گذشتہ شام ہند و پاک افواج کے درمیان گولہ باری کا تبادلہ ہوا جس میں اپنی چوکی میں تعینات فوجی اہلکار ہری بھاکر گولی لگنے سے شدید زخمی ہوگیا۔ انہوں نے بتایا کہ زخمی اہلکار کو فوری طور پر پونچھ آرمی اسپتال لے جایا گیاجہاں وہ قریب 12 گھنٹے تک موت وحیات کی کشمکش میں مبتلا رہنے کے بعد بالآخر اتوار کی صبح دم توڑ گیا۔دفاعی ذرائع نے بتایا کہ پاکستان کی طرف سے بھاری ہتھیاروں اور راکٹوں کا استعمال کیا گیا۔ انہوں نے بتایا ‘ہمارے جوانوں نے منہ توڑ جوابی کاروائی کرتے ہوئے پاکستانی فوج کو بھرپور نقصان پہنچایا’۔دریں اثنا دفاعی ترجمان نے بتایا کہ پاکستان کی طرف سے اتوار کی صبح راجوری کے نوشہرہ سیکٹر میں جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کی گئی۔ انہوں نے بتایا ‘پاکستانی فوج نے اتوار کی صبح قریب ساڑھے گیارہ بجے راجوری کے نوشہرہ سیکٹر میں جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ہلکے ہتھیاروں سے فائرنگ اور مارٹر گولے داغے۔ بھارتی فوج پاکستان کی فائرنگ کا موثر اور منہ توڑ جواب دے رہی ہے’۔بتادیں کہ جموں وکشمیر میں پاکستان کے ساتھ لگنے والی ایل او سی اور بین الاقوامی سرحد پر گذشتہ کچھ ہفتوں سے سخت کشیدگی پائی جارہی ہے۔ اس دوران دونوں اطراف کئی انسانی جانیں ضائع ہوئیں اور املاک کو نقصان پہنچا۔