نیوزی لینڈ میں مساجد پر ہوئے دہشت گرادانہ حملہ کی شدید مذمت
لازوال ویب ڈیسک
کالی کٹجنوبی ہند کالی کٹ مرکز الثقافة السنیہ کے سربراہ اعلی اور آل انڈیا کے سنی جمعیة العلما کے جنرل سکریٹری شیخ ابوبکر نے حالیہ نیوزی لینڈ کی کرائسٹ چرچ کی مساجد پر ہوئے دہشت گرادانہ حملہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاکہ آج پوری دنیا میں مسلمانوں کے ساتھ خونی کھیل کھیلا جارہا ہے یہ سب فسطائی طاقتوں کی سازشوں کا نتیجہ ہے ۔عبادت گاہوں پر حملہ شیطانی عمل ہے۔شیخ نے کہاکہ اسلام کے پیغام امن اور درس تحفظ انسانیت کو عام کیا جائے ۔شیخ نے کہاکہ ضرورت اس بات کی ہے کہ پوری دنیاکے مذہبی قائدین متحد ہوکر دہشت گردی کے خلاف کھڑے ہوں اور اس کے سد باب کے لئے تحریک چلائیں ۔شیخ نے کہاکہ دہشت گردی کا کوئی مذہب نہیں ہوتا ہے ،یہ انسانیت کے دشمن ہیں ۔یہ دردناک حادثہ ایسے وقت میںہوا جبکہ لوگ عبادت میں مصروف تھے ،بے گناہوں پر کیا گیا دہشت گردانہ حملہ پوری انسانیت کے خلاف ہے ۔انہوں نے نیوزی لینڈ حکومت اور عوام کے ہمددردانہ عمل کی ستائش کی ،شیخ نے نیوزی لینڈ حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ مجرموں کو جلد کیفرکردار تک پہونچایا جائے ۔اور فسطائی تنظیموں کے خلاف قانونی کاروائی کرے ۔شیخ ابوبکر نے کہاکہ اسلام کے تئیں لوگوں میں امن ،اخوت ومحبت کو عام کیا اور پیغام انسانیت کو عام کیا جائے تاکہ نفرت وعداوت ختم ہو اور پوری دنیا میں شانتی قائم رہے ۔شیخ نے کہاکہ آج پوری دنیا میں دہشت گرد کا خطرہ ہمہ وقت لاحق رہتا ہے ،حکمراں کے ساتھ مذہبی قائدین متحد ہوکر اس نحوست کو ختم کرنے کی عملی کوشش کریں ۔