نرندر سنگھ ٹھاکر
بسنت گڑھ تحصیل بسنت گڑھ کے لودرا،کدوا، رائچک اور دیگر علاقہ جات میں بھاری برفباری کے کارن گزشتہ 3 ماہ سے پانی اوربجلی کی عدم دستیابی کے کارن عوام کو کئی طرح کی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔اسی سلسلہ میں مقامی رہائشی عنائت اللہ کا کہنا ہے کہ ان کے علاقہ میں گزشتہ 3 ماہ سے پانی اوربجلی کی خدمات ٹھپ پڑی ہوئی ہےں جس کی وجہ سے لوگوں کو بھاری پریشانیوں کلا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ جب وہ متعلقہ محکمہ کے افسروں سے ربطہ قائم کرتے ہیں تو ان کی طرف سے بھی صرف یقین دہانی ہی کروائی جاتی ہے اورکام بالکل بھی نہ کے برابر ۔موصوف نے انتظامیہ سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ان علاقہ جات میں جلد سے جلد پانی اوربجلی جیسی بنیادی سہولیات کا انتظام کیا جائے تاکہ عوام مصائب کا ازالہ ہو سکے ۔وہیں پانی کے معاملے کو لے کر جب نمائندہ لازوال کی بات محکمہ کے افسروں سے ہوئی تو ان کا کہنا تھا کہ تحصیل بسنت گڑھ میں بھاری برفباری ہونے کی وجہ سے رسلی، ٹھکرائی ، سیا مہری، رائی چک ،کدوا، لودرا، پارا، ڈوڈو پھگ ودیگر علاقہ جات میں پانی کی خدمات بند ہو چکی ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ کی جانب سے پانی کی خدمات بحال کروانے کی کوشش مسلسل جاری ہے اور جلد ہی عوام کو اس مشکل سے نجات دلا ئی جائے گی۔عوامی مسائل کو مد نظر رکھتے ہوئے جب محکمہ بجلی کے AEE رام کمار کمار کلسوترا سے بات کی گئی تو ان کا کہنا تھا کہ وہاں پر بجلی کے کھمبے اور تار پہنچا دی گئی ہے لیکن موسم خراب ہونے کی وجہ سے وہاں پر کام نہیں کیا جا سکتا ۔موصوف نے مزید کہا کہ جیسے ہی موسم ٹھیک ہوتا ہے تو فوری طور پر ان علاقوں میں بجلی کی خدمات بحال کئے جانے کی کوشش شروع کر دی جائے گی ۔