کہاکارکنان آپسی تال میل سے پارٹی ایجنڈے کو ریاسی ورام بن اضلاع میں زمینی سطح پر عملائیں
لازوال ڈیسک
ریاسی؍؍ریاسی اور رام بن اضلاع میں سیاسی سرگرمیوں کو تیز کرتے ہوئے اپنی پارٹی نائب صدر اور سابقہ وزیر اعجاز احمد خان نے پیر کے روز اختیارات کو غیرمرکوز کر کے زمینی سطح پر پارٹی کیڈر کی مضبوطی پرزور دیا ہے۔وہ پارٹی ضلع دفتر ریاسی میں ورکروں کی ایک میٹنگ سے خطاب کر رہے تھے جس میں پارٹی خواتین ونگ ریاستی سربراہ نمرتہ شرما ودیگر لیڈران بھی اُن کے ہمراہ تھے۔ میٹنگ میں پارٹی کو مضبوط کرنے کے لئے کئی اہم امور پرغوروخوض کیاگیا۔ لیڈران نے اپنی تجاویزبھی پیش کیں جس کی سابقہ وزیر نے ستائش کی۔ انہوں نے ورکروں سے کہاکہ وہ آپسی تال میل سے پارٹی ایجنڈے کو دونوں اضلاع میں زمینی سطح پر عملائیں۔ انہوں نے اودھم پور میں بھی آنے والے وقت میں اسی طرح کی سیاسی سرگرمیوں کا اشارہ دیا۔ انہوں نے کہاکہ اگر اسمبلی انتخابات کا اعلان کیاجاتا ہے تو اپنی پارٹی بھارتیہ جنتا پارٹی کو سخت ٹکر دینے کے لئے تیار ہے۔ انہوں نے کہاکہ اپنی پارٹی کو لوگوں کی غیر متوقع حمایت ملی ہے اور پارٹی اِن اضلاع سے بھی بھر پور حمایت کی توقع رکھتی ہے جہاں کوئی بامقصد سیاسی جماعت نہیں۔انہوں نے مزید کہاکہ ’لوگ بی جے پی کی سیاست سے تنگ آچکے ہیں اور اس لئے وہ اپنی پارٹی کو اس کے لئے ایک آپشن کے طور پر دیکھتے ہیں۔ تھوڑے ہی عرصے میں اس کی فاؤنڈیشن نے عوام میں مقبولیت حاصل کر لی ہے اور اب وقت آ گیا ہے کہ پارٹی لیڈروں اور کارکنوں کو عوام میں شامل کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ ان کی پارٹی معاشرے کے پسماندہ طبقے کی حمایت کرے گی اور دونوں خطوں میں اتحاد کی حوصلہ افزائی کرے گی جبکہ دونوں خطوں میں بلا تفریق مساوی ترقی کے تمام امکانات تلاش کرے گی۔ماضی میں بھی ہم نے عوام کے لیے کام کیا ہے۔ ہم نے دیہاتوں، دور افتادہ علاقوں کو ترقی دی، روزگار فراہم کیا اور لوگوں کی فلاح و بہبود کے لیے مختلف کام کیے ہیں۔ اسی طرح ہم لوگوں کو تمام ضروری سہولیات ان کی دہلیز پر فراہم کریں گے۔دریں اثنا لوک جن شکتی پارٹی ضلع صدر چودھری عصمت علی ، منجیت سنگھ خانیکوٹ، صدام حسین، احمد دین، نسیم اختر سرلہ وغیرہ نے اپنی پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔ اس تقریب میں بی ڈی سی چیئرمین تھورو چوہدری مکھنا چوہان، خواتین ونگ ضلع نائب صدر جیوتی وید، صوبائی سیکریٹری خواتین ونگ کوشلیا راجپوت، ضلع صدر خواتین ونگ سپنا دیوی، بلاک صدر ارناس مونیکا شرما، بلاک صدر جج بگلی، فاطمہ چودھری، بلاک صدر تھورو گربچن سنگھ، یوتھ ونگ صوبائی سیکریٹری سرپنچ الطاف احمد، یوتھ ضلع صدر کلونت راج، یوتھ ضلع نائب صدر محمد رفیع، سرپنچ بال کرشن، حاجی مشتاق احمد، فاروق احمد، ساجا بانو، شہناز کوثر، نرائین سنگھ ، بودھ راج مینہ، بھوانی منا ٹھاکر، نریش کمار ،دویندر سنگھ، سبھاش کھجوریہ بھی موجود تھے۔