فوج دشمن کے ناپاک منصوبوں کو ناکام کرنے کی پوری اہلیت رکھتی ہے:راوت
یواین آئی
جموںبری فوج کے سربراہ جنرل بپن راوت نے اتوار کو کہا ہے کہ ہندوستانی فوج دشمن کے ناپاک منصوبوں کو ناکام کرنے کی پوری اہلیت رکھتی ہے۔جنرل راوت نے ملک کے دشمنوں کے کسی بھی ناپاک منصوبوں کو ناکام کرنے اور کسی بھی صورت حال کو سنبھالنے کے لئے ہندوستانی فوج کی صلاحیتوں پر پوری طرح اعتماد کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ فوجیوں میں خوداعتمادی بہت زیادہ ہے اوران کی اعلیٰ سطحی تیاریوں کی بھی تعریف کی۔فوجی سربراہ نے آج جموں علاقے میں سانبہ اور رتنوچک کے مختلف فوجی ٹھکانوں کا دورہ کرکے فوجی تعیناتی اور تیاریوں کا جائزہ لیا۔رائزنگ اسٹار کور کے جنرل آفس کمانڈنگ لفٹننٹ جنرل جے ایس نین نے فوجی سربراہ کو صورت حال اور تیاریوں سے متعلق تفصیل سے جانکاریاں دیں۔فوجی سربراہ نے سرحد پر تعینات فوجی اہلکاروں سے بھی بات چیت کی۔