یواین آئی
اسلام آبادپاکستان نے ہندوستان کے ساتھ بڑھتی کشیدگی کے پیش نظر جمعرات کو سمجھوتہ ایکسپریس ٹرین کی خدمات ملتوی کردی۔یہ ٹرین ہفتے میں دو بار پیر اور جمعرات کو لاہور سے اٹاری تک جاتی ہے ۔پاکستان ریلوے کے اڈیشنل جنرل مینیجرنے کہا،“ٹرین کی سروس ملتوی کرنے کا فیصلہ سلامتی سے متعلق بڑھتی تشویش کے پیش نظر کسی بھی ناخوشگوار واقعہ کو روکنے کے لئے کیا گیا ہے ۔”یہ ٹرین 16مسافروں سے ساتھ صبح آٹھ بجے پاکستان سے روانہ ہونے والی تھی۔پاکستانی خبر رساں چینل ڈان نیوز ٹی وی نے پاکستان ریلوے کے افسران کا حوالہ دیتے ہوئے دعوی کیا کہ پاکستان اور ہندوستان کے درمیان چلنے والی سمجھوتہ ایکسپریس کی سروس اگلی اطلاع آنے تک ملتوی کردی گئی ہے ۔اس سے پہلے ہندوستانی حکومت نے بدھ کو کہا تھا کہ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان بڑھتی کشیدگی کے باوجود ٹرین اپنے طے وقت پر چلے گی۔ٹرین 27مسافروں کے ساتھ دہلی سے وقت پر روانہ ہوئی تھی۔شمالی ریلوے نے کہا،“ہندوستان میں دہلی سے اٹاری تک جانے والی ٹرین بدھ کی رات 11بج کر 20منٹ پر روانہ ہوئی تھی جس میں تین پاکستانی اور 24ہندوستانی شہری سوار تھے ۔”چھ سلیپر کوچ اور ایس 3 -ٹائر کی ایک کوچ والی یہ ٹرین ہندوستان اور پاکستان کے درمیان 1971 کی لڑائی کے بعد ہوئی شملہ سمجھوتے کے تحت 22جولائی 1976کو شروع کی گئی تھی۔