کانگریس رافیل پر عوام کو گمراہ کررہی ہے :راجناتھ
یواین آئی
نئی دہلی؍؍وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ نے اپوزیشن کانگریس پر رافیل طیارہ سودہ کے معاملہ پر عوام کو گمراہ کرنے کا الزام لگاتے ہوئے اس پر بحث کی اس کی مانگ ٹھکرادی جس پر کانگریس نے ایوان سے واک آوٹ کیا۔مسٹر سنگھ نے ایوان میں کانگریس کے لیڈر ملک ارجن کھڑگے کے یہ معاملہ اٹھائے جانے پر کہاکہ رافیل پر لوک سبھامیں بحث ہوچکی ہے ۔ سپریم کورٹ نے بھی اس پر اپنا فیصلہ دے دیا ہے ۔ اس لئے اس پر پھر سے بحث کی ضرورت نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کے اراکین بار بار جھوٹ بول کر اسے سچ ثابت کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ وہ عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ سیاست عوام کی آنکھوں میں دھول جھونک کر نہیں ، عوام کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر ہوتی ہے ۔ان کے جواب سے نامطمئن مسٹر کھڑگے نے کہاکہ آپ کے وزیراعظم میں ہمت نہیں ہے ۔ انہوں نے اس پر ایوان میں بیان بھی نہیں دیا ہے ۔ اس لئے ہم واک آوٹ کررہے ہیں۔اس کے بعد کانگریس کے اراکین نے ایوان سے واک آوٹ کیا۔اس سے پہلے مسٹر کھڑگے نے الزام لگایا تھا کہ رافیل سودے میں 33 ہزار کروڑ روپے کا گھپلہ ہوا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ اس کی جے پی سی سے جانچ ہونی چاہئے ۔ وزیراعظم کیوں ڈر رہے ہیں۔کانگریس کے لیڈر نے الزام لگایا کہ رافیل سے منسلک کمپٹرولر اینڈ آدیٹر جنرل (سی اے جی) کی رپورٹ ایوان میں پیش کرنے سے پہلے ہی میڈیا میں لیک کرائی گئی ہے جس سے ثابت ہوتا ہے کہ حکومت کچھ چھپانے کی کوشش کررہی ہے ۔ جب مسٹر کھڑگے اپنی بات رکھ رہے تھے اس وقت حکمراں فریق کے اراکین اپنی اپنی سیٹوں پر کھڑے ہوکر زور زور سے ہنگامہ کرنے لگے ۔ کانگریس کے اراکین کے ایوان سے باہر جانے کے تک حکمراں فریق کا شورو غل بھی جاری رہا۔