یو این آئی
سری نگر جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ کے رتنی پورہ علاقے میں منگل کے روز سیکورٹی فورسز اور جنگجو¶ں کے مابین تصادم آرائی میں ایک فوجی اہلکار اور ایک جنگجو ہلاک جبکہ ایک فوجی اہلکار زخمی ہوا۔ پولیس ذرائع نے بتایاکہ جنگجو¶ں کی موجودگی ثقہ اطلاع ملنے پر فوج کی 50 آر آر، ایس اوجی اور سی آر پی ایف اہلکاروں کی ایک مشترکہ ٹیم نے پلوامہ کے رتنی پورہ علاقے کا محاصرہ کرکے تلاشی کارروائیاں شروع کیں۔ انہوں نے کہا کہ تلاشی کارروائیوں کے دوران ہی طرفین کے درمیان تصادم آرائی شروع ہوئی جس میں ایک فوجی اہلکار اور ایک جنگجو ہلاک جبکہ ایک فوجی اہلکار زخمی ہوا۔ تصادم آرائی کے آغاز میں 2 فوجی اہلکار زخمی ہوئے جنہیں فوری علاج ومعالجے کے لئے سری نگر کے بادامی باغ میں واقع فوجی ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ایک فوجی اہلکار زخموں کی تاب نہ لانے کی وجہ سے دم توڑ بیٹھا۔ مہلوک فوجی اہلکارکی شناخت سپاہی بلجیت سنگھ کے بطور ہوئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مہلوک جنگجو کی شناخت ہلال احمد راتھرساکن بیگم باغ پلوامہ کے بطور بتائی جاتی ہے جو حزب المجاہدین جنگجو تنظیم کے ساتھ وابستہ تھا۔ پولیس کے مطابق مہلوک جنگجو ہلال احمد کئی مجرمانہ سرگرمیوں میں مطلوب تھا اور ہلال احمد ایس ایم ایچ ایس ہسپتال سری نگر کے اندر ہوئے اُس حملے میں بھی ملوث تھا جس میں دو پولیس اہلکار ہلاک اور پاکستانی جنگجو نوید جھٹ فرار ہونے میں کامیاب ہوا تھا۔ عینی شاہدین نے بتایا کہ مقام تصادم آرائی کے نزدیک سیکورٹی فورسز اور نوجوانوں کے درمیان جھڑپیں بھی ہوئیں۔ دریں اثنا خراب موسمی حالات کی پرواہ کئے بغیر ہزاروں کی تعداد میں لوگ مہلوک جنگجو کی آخری رسومات میں شریک ہوئے۔ اس دوران ریاستی پولیس کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ ضلع پلوامہ کے رتنی پورہ علاقے میں جنگجوﺅں کی موجودگی کی مصدقہ اطلاع ملنے کے بعد سیکورٹی فورسز اور پولیس نے 11اور 12فروری کی درمیانی رات کو جونہی تلاشی آپریشن شروع کیا اس دوران گاﺅں میں موجود جنگجوﺅں نے حفاظتی عملے پر اندھا دھند فائرنگ شروع کی۔ بیان میں کہا گیا ‘چنانچہ سلامتی عملے نے بھی پوزیشن سنبھال کر جوابی کارروائی کی اور دو طرفہ فائرنگ کے نتیجے میں ایک جنگجو ہلاک ہوا۔ تصادم کے دوران دو سیکورٹی فورسز کے اہلکار بھی زخمی ہوئے جنہیں علاج ومعالجہ کی خاطر فوری طورپر نزدیکی اسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہاں پر بلجیت سنگھ نامی فوجی اہلکار زخموں کی تاب نہ لا کر جاں بحق ہوا’۔ بیان کے مطابق جھڑپ کی جگہ اسلحہ وگولہ بارود اور قابلِ اعتراض مواد برآمد کرکے ضبط کیا گیا۔ پولیس نے اس سلسلے میں کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی ہے۔ بیان میں مزید کہا گیا ‘عوام الناس سے ایک بار پھر التماس ہے کہ وہ جھڑپ کی جگہ جانے سے گریز کریں کیونکہ وہاں پر ممکنہ بارودی مواد موجود ہونے کے باعث خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔لوگوں سے گذارش کی جاتی ہے کہ وہ پولیس کے ساتھ اس سلسلے میں تعاون کریں اور جب تک جھڑپ کی جگہ کو صاف کرکے محفوظ قرار نہ دیا جائے تب تک تصادم کی جگہ جانے سے اجتناب کیا جائے