نوکر شاہی حکمرانی مقبول منتخب حکومت کا متبادل نہیں: سابق وزیر بابو رامپال
لازوال ڈیسک
جموں؍؍سابق وزیر اور صدر نیشنل کانفرنس سنٹرل زون (جموں، سانبہ اور کٹھوعہ) بابو رام پال نے آج جموں (اربن) رابطہ کمیٹی کی ایک جائزہ میٹنگ کی صدارت کی اور اراکین کے ساتھ موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔وہیںمیٹنگ میں شرکت کرنے والے ممبران میں جموں (اربن) کوآرڈینیٹر ڈاکٹر وکاس شرما، راہول مہاجن، ایڈوکیٹ اسلم چودھری، اشوک تیاگی، نریندر بھگت اور نوید راجہ شامل ہیں۔اس موقع پر بابو رام پال نے اراکین سے کہا کہ وہ نچلی سطح کے کارکنوں اور عوام کے درمیان تال میل برقرار رکھیں۔ انہوں نے ان پر زور دیا کہ وہ آنے والے اسمبلی انتخابات کے لیے تیار ہو جائیں جیسا کہ اعلان کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر میں ریاست کی بحالی کے لیے جدوجہد پارٹی کا اولین ایجنڈا ہوگا۔ انہوں نے مزید کہاکہ جموں و کشمیر کے لوگوں نے ریاست کے خاتمے کے بعد سے پچھلے ڈھائی سالوں کے دوران بہت زیادہ نقصان اٹھایا ہے، اب نوکر شاہی سے چھٹکارا حاصل کرنا چاہتے ہیں اور مقبول منتخب حکومت کا انتظار کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نوکر شاہی عوام کی منتخب حکومت کا متبادل نہیں ہے۔