ریاست کی یونیورسٹیوں اور کالجوںمیں داخلے کیلئے گجر بکروال طبقہ کا کوٹہ بہتر بنائیں:ڈاکٹر جاوید راہی
لازوال ڈیسک
جموں؍؍ریاست کی یونیورسٹیوں اور کالجوںمیں داخلے کیلئے گجر بکروال طبقہ کا کوٹہ بہتر کا مطالبہ کرتے ہوئے شیڈول ٹرائب کمیونٹی کے ممبران نے کہا کہ خطوں میںان کی آبادی کے مطابق انھیں رزرویشن فراہم کی جائے ۔واضح رہے انہوں نے ان باتوں کا اظہار یہاں ٹرائبل ریسرچ اینڈ کلچرل فائونڈیشن کی جانب سے معروف گجر اسکالر و مصنف ڈاکٹر جاوید راہی کی قیادت میںمنعقدہ ایک تقریب میں کیا جہاں ایس ٹی طبقہ کے کئی مسائل پر تبادلہ خیال ہوا ۔وہیں ڈاکٹر جاوید راہی نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے قبیلے کا مستقبل صرف تعلیم ہی سے بدل سکتا ہے ۔انہوں گجر نوجوانوں پر زور دیتے ہوئے کہا کہ تعلیمی میدان میں آگے آئیں اور ہنر سیکھیں اور طلابقومی سطح پر یونیورسٹیوں میں بھی جائیں ۔اجلاس میں اس بات کو بھی واضح کیا گیا کہ فائونڈیشن کی جانب سے وائس چانسلروں کو بھی کوٹہ بڑھانے کیلئے لکھا گیا ہے جبکہ فائونڈیشن ریاست میں ایک گائڈنس سیل کا قیام کرنے جا رہی ہے۔شرکاء نے مزید اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ریاست میں پیشہ وارانہ کالجوں میں 14.9فیصد آبادی پر چھ فیصد رزرویشن دی گئی ہے ،جموں یونیورسٹی میں صوبہ میں 21فیصد طقبہ کی آبادی پر 5فیصد رزرویشن دی گئی ہے اور کشمیر میں 19فیصد آبادی پر 3فیصدرزرویشن دی گئی ہے ۔علاوہ ازیں بی جی ایس بی یو میں علاقہ میں طبقہ کی پچاس فیصد آبدی کے پیش نظر صرف 9فیصد رزرویشن دی گئی ہے جبکہ شری ماتا وشنو دیوی یونیورسٹی اور اسلامک یونیورسٹی آف سائنس اینڈ تکنالوجی میں میں ابھی رزرویشن کیلئے کچھ نہیں ہے ۔انہوں نے انتظامیہ پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دونوں یونیورسٹیوں میں طبقہ کیلئے رزرویشن رکھی جائے۔اس موقع پر اشتیاق مصباح، نوید چوہدری، امیر چوہدری، محمد شریف، خیر الدین چوہدری ،نوشاد چوہدری و دیگران نے اپنے خیالات کا اظہار کیا ۔