یواین آئی
نئی دہلی؍؍ ترکش ایئر لائنز کے سابق چیئرمین ایلکر آیچی نے ٹاٹا گروپ کی طرف سے ایئر انڈیا کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر (سی ای او) اورمنیجنگ ڈائریکٹر(ایم ڈی) کاعہدہ سنبھالنے کی پیشکش کو ٹھکرا دیا ہے۔ٹاٹا گروپ کے ترجمان نے یواین آئی سے اس پیش رفت کی تصدیق کی۔ٹاٹا سنز نے 14 فروری کو مسٹر آئچی کی بطور چیف ایگزیکٹیو آفیسر اور ایئر انڈیا کے منیجنگ ڈائریکٹر کے عہدہ پر تقرری کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ وہ یکم اپریل کو یا اس سے پہلے اپنا عہدہ سنبھالیں گے۔مسٹر آیچی نے ٹاٹا سنز کے چیئرمین این چندرشیکھرن کے ساتھ بات چیت کی ہے کہ وہ ایئر انڈیا کے سی ای او ایم ڈی کا عہدہ سنبھالنے سے گریزاں ہیں۔ایئر لائن انڈسٹری کے ذرائع نے بتایا کہ مسٹر آیچی اپنے نام سے متعلق تنازع سے پریشان تھے۔گزشتہ ہفتے،راشٹریہ سویم سیوک سنگھ سے منسلک سودیشی جاگرن منچ نے قومی سلامتی کا مسئلہ اٹھایا تھا۔ ایئرانڈیا جیسی اسٹریٹجک طور پر اہم کمپنی کی بھاگ ڈور ترکی کے ساتھ ہندوستان کے تعلقات کو دیکھتے ہوئے حکومت کو محتاط فیصلہ لینے کا مشورہ دیا تھا۔ضابطوں کے مطابق ایئر لائنز کے اعلیٰ عہدوں پر تقرری کے لیے ناموں کی وزارت داخلہ قومی سلامتی کے نقطہ نظر سے جانچ پڑتال کرتی ہے اور اس کے بعد ہی کمپنیوں کو تقرریوں کی اجازت دی جاتی ہے۔