لکھنؤ// اتر پردیش میں کرکٹ کے ایک نئے دور کا آغاز کرتے ہوئے اتوار کو یو پی ٹی 20 لیگ کا باضابطہ آغاز کیا گیا۔
یہاں منعقد تقریب میں ٹرافی کی نقاب کشائی، شہر میں مقیم چھ فرنچائزز کی ٹیم کی جرسیوں اور لیگ کے ترانے کی رونمائی کے ساتھ ہوئی۔
راجیہ سبھا کے ممبر اور بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) کے نائب صدر راجیو شکلا اور اتر پردیش کرکٹ ایسوسی ایشن (یوپی سی اے) کے ڈائریکٹر آئی پی ایس ڈی ایس چوہان اس موقع پر موجود تھے۔ اس تقریب میں گورکھپور لائنز، کانپور سپر اسٹارز، کاشی رودرا، لکھنؤ فالکنز، میرٹھ ماویرکس اور نوئیڈا سپر کنگز سمیت تمام فرنچائزز کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔
لیگ کے لیے اپنے جوش و خروش اور توقعات کا اظہار کرتے ہوئے شکلا نے کہاکہ "میں پرجوش اور مسرور ہوں کہ یوپی ٹی۔20 لیگ کا آغاز ہوا ہے۔ ہم ایک طویل عرصے سے اپنی لیگ شروع کرنے کا منصوبہ بنا رہے ہیں کیونکہ اس کی بہت زیادہ مانگ ہے۔ اتر پردیش کی بہت بڑی آبادی کے ساتھ ہمارے لیے زیادہ سے زیادہ کھلاڑیوں کو جگہ دینا اور انہیں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے کا موقع دینا ایک چیلنج رہا ہے۔ ہر فرنچائز کے ساتھ تقریباً 25 کھلاڑیوں کی شرط رکھی گئی ہے، ہمیں یقین ہے کہ یہ لیگ اتر پردیش سے بہترین ٹیلنٹ کو سامنے لانے اور ہندوستانی ٹیم میں نئے ٹیلنٹ کو متعارف کرانے کا ایک بہترین پلیٹ فارم ثابت ہوگا۔”
چوہان نے کہاکہ "یہ لیگ ایسے وقت اتر پردیش میں ہورہی ہے جب ہماری ریاست بہت سے محاذوں پر ترقی کر رہی ہے اور کھیل اس ترقی کا ایک اہم حصہ ہے۔ یہ لیگ بہت سے خواہشمند کرکٹرز کو موقع دے گی، بشمول غریب گھروں سے آنے والوں کو اپنی صلاحیتوں کو پیش کرنے کا بہترین موقع ثابت ہوگا۔ مجھے یقین ہے کہ ہم اتر پردیش کے لوگوں کے لیے ایک اعلیٰ معیار کا ٹورنامنٹ منعقد کرنے میں کامیاب ہوں گے۔‘‘
30 اگست سے شروع ہونے والی یوپی ٹی۔120 لیگ 16 ستمبر کو کانپور کے گرین پارک اسٹیڈیم میں ختم ہوگی۔ آئی پی ایل کی نیلامی میں چند ماہ باقی رہنے کے ساتھ یہ لیگ ابھرتے ہوئے ٹیلنٹ کو اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے کے لیے ایک پلیٹ فارم فراہم کرے گی۔