کشتواڑ پولیس نے دیگر سیکورٹی فورسز کے ساتھ سرکوٹ علاقے میں تلاشی کی
بابر فاروق
کشتواڑ//جموں و کشمیر کے دیگر اضلاع کی طرح ضلع کشتواڑ میں بھی یومِ جمہوریہ کی تقریبات اور 22 جنوری کو رام مندر کے پران پرتشتھا کی تقریبات سے قبل سیکورٹی کو بڑھا دیا گیا ہے۔ سنیچر کی صبح سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کشتواڑ خلیل پوسوال کی ہدایت اور نگرانی میں کشتواڑ پولیس نے دیگر سیکورٹی فورسز کے ساتھ کشتواڑ کے سرکوٹ علاقے میں تلاشی مہم شروع کی تاکہ یومِ جموریہ کی تقریبات سے قبل عوام کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔ اس دوران سیکورٹی فورسز نے کئی رہائشی مکانات کی بھی تلاشی لی۔ اس سے قبل بھی کشتواڑ پولیس نے سماج دشمن اور ملک دشمن عناصر پر نظر رکھنے کے لیے مختلف علاقوں میں تلاشی مہم چلائی تھی۔ کشتواڑ پولیس اور دیگر سیکورٹی فورسز عوام کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے مشترکہ طور پر کام کر رہی ہیں۔ حال ہی میں ڈی آئی جی ڈوڈہ، کشتواڑ رامبن رینج ڈاکٹر سنیل گپتا نے بھی کشتواڑ کا دورہ کیا اور ایک اعلیٰ سطحی سیکورٹی میٹنگ کی صدارت کی۔ اپنے دورے کے دوران ڈی آئی ڈوڈہ، کشتواڑ و رامبن رینج نے ضلع پولیس لائنز کشتواڑ میں ایک اعلیٰ سطح سیکورٹی میٹنگ کی۔ منعقدہ اجلاس میں سینئر سپریٹنڈنٹ آف پولیس کشتواڑ، کشتواڑ پولیس کے دیگر پولیس آفیسران، آرمی، سی آر پی ایف و دیگر سیکورٹی ایجنسیوں کے آفیسران نے شرکت کی۔میٹنگ کے دوران سینئر سپریٹنڈنٹ آف پولیس کشتواڑ خلیل پوسوال نے ایک تفصیلی پریزنٹیشن پیش کی تھی،جس میں ضلع کے سیکورٹی منظر نامے کو شامل کیا گیا تھا۔ میٹنگ کے دوران ڈی آئی جی سنیل گپتا نے خاص طور پر رام مندر پران پراٹشتھا اور یومِ جمہوریہ کی تقریبات جیسے آنے والے واقعات کے لیے سخت سیکورٹی انتظامات کی ضرورت پر زور دیا تھا۔