تیاریاں شروع، وادی میں دس اور جموں میں نو کونسلوں کی پولنگ ہوگی
شاہ ہلال
سرینگر؍؍امرناتھ یاترا کے اختتام کے بعد جموں کشمیر میں بلدیاتی انتخابات منعقد ہونے کا قومی امکان ہے کیوں کہ جموں کشمیر میں بلدیاتی انتخابات کیلئے الیکشن کمیشن کی جانب سے تیاریاں شروع کی گئیں ہیں۔ یوٹی انتظامیہ یوٹی میں اپنی پانچ سال کی میعاد پوری ہونے کے بعد اکتوبر-نومبر میں میونسپل اور پنچایتی انتخابات کی سب سے بڑی انتخابی مشق کرنے کے لیے تیار ہے۔انتخابی فہرستوں پر نظر ثانی، مخصوص نشستوں کی گردش اور میونسپلٹیوں اور پنچایتوں کے وارڈوں کی حد بندی کے لیے ایک رسمی حکم نامہ اب کسی بھی وقت جاری کیے جانے کی امید ہے۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ پچھلی بار چھ میونسپل کونسلوں کے لیے انتخابات ہوئے تھے- جموں و کشمیر ڈویڑن میں تین تین جبکہ اس بار وادی میں 10 اور جموں میں نو کونسلوں کے لیے پولنگ ہوگی۔نمائندے کو ملی اطلاعات کے مطابق تمام 78 اربن لوکل باڈیز میں وارڈوں کی تعداد یکساں رہنے کی امید ہے کیونکہ ان میں تازہ علاقوں کو شامل نہیں کیا گیا ہے لیکن 2018 میں سات کے مقابلے میں پہلی بار 19 میونسپل کونسلوں میں انتخابات ہوں گے۔