نئی دہلی، 7 اگست (یواین آئی) ہندوستانی عازمین حج کا حج ادا کرنے کے بعد مدینہ اور جدہ ہوائی اڈوں سے وطن واپسی کا عمل جاری ہے، اب تک 140 پروازوں کے ذریعے 43329 عازمین حج اپنے ملک لوٹ چکے ہیں۔
مرکزی، ریاستی حج کمیٹیاں اور دیگر متعلقہ ایجنسیاں ہندوستانی ہوائی اڈوں پر عازمین حج کا استقبال اوررہنمائی کر رہی ہیں۔ ایئرپورٹ پر تمام عازمین حج کو 5 لیٹر زمزم پانی فراہم کیا جا رہا ہے۔ وطن پہنچنے والے عازمین حج نے حج 2024 میں حکومت ہند کی طرف سے حج کمیٹی آف انڈیا کے ذریعہ کئے گئے انتظامات پر اطمینان اور خوشی کا اظہار کیا ہے۔ عازمین حج کا کہنا تھا کہ ایام حج میں شدید گرمی کی وجہ سے کچھ مسائل تھے لیکن ان کا حل انسانی طاقت اور حکومتی طاقت سے باہر ہے۔ زیادہ تر عازمین حج سوشل میڈیا پر حکومت اور حج سے متعلق سرکاری اداروں کے خلاف زہریلے پروپیگنڈے، جعلی خبروں اور معاشرے میں سنسنی پیدا کرنے والے گندے عناصر سے سخت ناراض تھے۔
حج کمیٹی آف انڈیا کے سی، ای، او۔ ڈاکٹر لیاقت علی آفاقی نے کہا کہ حکومت ہند بالخصوص اقلیتی امور کی وزارت، ہندوستانی عازمین حج کو ہر طرح کی سہولیات فراہم کرنے کی ہر ممکن کوشش کر رہی ہے۔ جس کے لیے حکومت ہندوستان سے سعودی عرب تک تمام متعلقہ اداروں اور دفاتر میں اضافی ملازمین کا تقرر کرتی ہے جو پوری محنت اور لگن کے ساتھ حج کی خدمت میں مصروف رہتے ہیں۔ ڈاکٹر آفاقی نے کہا کہ جن عازمین حج نے حج کمیٹی آف انڈیا، ہندوستانی سفارت خانہ اور حکومت سعودی عرب کی ہدایات پر پوری طرح عمل کیا ہے، وہ مسائل اور تکالیف سے محفوظ رہے ہیں۔ قدرتی وجوہات اور ہیٹ اسٹروک کی وجہ سے فوت ہونے والے تمام عازمین حج کی عمر 60 سال سے زائد تھی اور انہیں مقدس شہر کے قبرستانوں میں عزت کے ساتھ دفن کیا گیا ہے۔
ڈاکٹر آفاقی نے مزید کہا کہ عازمین حج سے بار بار اپیل کی جا رہی ہے کہ وہ اپنے ہینڈ بیگ یا سوٹ کیس میں زمزم کا پانی، زیتون کا تیل یا کوئی اور مائع ساتھ نہ رکھیں۔ اگر معائنے کے دوران تھیلے/سوٹ کیس میں زمزم کا پانی یا زیتون کا تیل پایا جائے تو بیگ/سوٹ کیس کو کھول کر زمزم کا پانی اور زیتون کا تیل نکال لیا جائے گا۔
واضح رہے کہ ہندوستانی عازمین حج کی وطن واپسی کا عمل 22 جون سے 471 پروازوں کے ذریعے 22 جولائی 2024 تک جاری رہے گا۔