ایکتا نگر، //وزیر اعظم نریندر مودی نے منگل کو یہاں کہا کہ ہندوستان میں غریبی کم ہو رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ پانچ برسوں میں 13.5 کروڑ سے زیادہ لوگ غریبی سے باہر آئے ہیں۔ اس سے ہمیں یہ یقین ہوا ہے کہ ہم ملک سے غریبی ختم کر سکتے ہیں ہمیں اس سمت میں آگے بڑھنا ہے۔ ,
گجرات کے اپنے دو روزہ دورے کے دوسرے دن یہاں یوم قومی اتحاد کے موقع پر پروگرام میں شرکت کرتے ہوئے مسٹر مودی نے کہا ’’ہمیں کچھ چیزیں کبھی نہیں بھولنی چاہئیں، ہمیں انہیں ہمیشہ یاد رکھنا چاہیے۔ آج یوم قومی یکجہتی کے موقع پر میں اس سلسلے میں ہر وطن عزیز سے اپنے جذبات کا اظہار کرنا چاہتا ہوں۔ آج پوری دنیا میں افراتفری مچی ہوئی ہے۔ کورونا بحران کے بعد سے کئی ممالک کی معیشت کی حالت تباہ ہو چکی ہے۔ بہت سے ممالک آج 30-40 برسوں میں سب سے زیادہ افراط زر کے ساتھ جدوجہد کر رہے ہیں۔ ان ممالک میں بے روزگاری مسلسل بڑھ رہی ہے۔ ایسی صورتحال میں بھی ہندوستان دنیا میں اپنا جھنڈا لہرا رہا ہے۔ ہم یکے بعد دیگرے چیلنجز پر قابو پاتے ہوئے مسلسل آگے بڑھ رہے ہیں۔ ہم نے نئے ریکارڈ بنائے، نئے معیار بھی قائم کئے ہیں ۔ گزشتہ نو برسوں میں جن پالیسیوں اور فیصلوں کے ساتھ ملک آگے بڑھا ہے آج ان کے اثرات زندگی کے ہر شعبے میں نظر آرہے ہیں۔ ,
وزیر اعظم نے کہا کہ ہندوستان میں غریبی کم ہو رہی ہے۔ پانچ برسوں میں 13.5 کروڑ سے زیادہ لوگ غریبی سے باہر آئے ہیں۔ یہ وقت ہر ہندوستانی کے لیے بہت اہم ہے۔ کوئی بھی ایسا کام نہ کریں جس سے ملکی استحکام کو نقصان پہنچے۔
مسٹر مودی نے کہا کہ اگر ہم اپنے قدموں سے ہٹیں گے تو ہم مقصد سے بھی ہٹ جائیں گے۔ جس محنت سے 140 کروڑ ہندوستانیوں نے ملک کو ترقی کی راہ پر لایا ہے وہ کبھی رائیگاں نہیں جانا چاہئے۔ ہمیں مستقبل کو ذہن میں رکھنا ہوگا اور اپنے عزم پر قائم رہنا ہوگا۔ ,
اس سے پہلےوزیراعظم نے کہا ’’آپ تمام نوجوانوں اور بہادروں کا یہ جوش یوم قومی یکجہتی کی ایک بڑی طاقت ہے۔ ایک طرح سے منی انڈیا کی شکل میرے سامنے نظر آ رہی ہے۔ ریاستیں الگ ہیں، زبان الگ ہے، روایت الگ ہے، لیکن یہاں موجود ہر شخص اتحاد کے مضبوط دھاگے سے جڑا ہوا ہے۔ پھول تو بہت ہیں لیکن مالا ایک ہے۔ جسم بہت سے ہیں لیکن دماغ ایک ہے۔ جس طرح 15 اگست ہماری آزادی کے جشن کا دن ہے اور 26 جنوری ہمارے جمہوریہ کے جشن کا دن ہے، اسی طرح 31 اکتوبر کا یہ دن ملک کے کونے کونے میں قوم پرستی کے ابلاغ کا تہوار بن گیا ہے۔ 15 اگست کو دہلی کے لال قلعہ میں منعقد ہونے والی تقریب، 26 جنوری کو دہلی کے کرتویہ پتھ پر پریڈ اور 31 اکتوبر کو اسٹیچو آف یونٹی کی موجودگی میں ماں نرمدا کے کنارے پر یوم قومی اتحاد کا مرکزی پروگرام قومی ترقی کی تثلیث بن گیا۔ ,
مسٹر مودی نے کہا کہ آج یہاں منعقدہ پریڈ اور پیش کیے گئے پروگراموں نے سب کو حیران کر دیا ہے۔ ایکتا نگر آنے والوں کو نہ صرف اس عظیم الشان مجسمے کو دیکھنے کو ملتا ہے بلکہ وہ سردار صاحب کی زندگی، ان کی قربانی اور ایک ہندوستان کی تعمیر میں ان کے تعاون کی ایک جھلک بھی دیکھتے ہیں۔ اس مجسمے کی تعمیر کی کہانی خود ایک بھارت شریسٹھ بھارت کے جذبے کی عکاس ہے۔ اس کی تعمیر کے لیے ملک کے کونے کونے سے کسانوں نے مرد آہن کے مجسمے کے لیے کاشتکاری کے اوزار اور لوہا عطیہ کیا۔ ملک کے کونے کونے سے مٹی لا کر یہاں اتحاد کی دیوارِ بنائی گئی ہے ۔ یہ کتنی اہمیت کی حامل ہے۔ اس ترغیب سے متاثر کروڑوں ہم وطن اس تقریب سے وابستہ ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ ملک بھر میں ‘رن فار یونٹی’ میں لاکھوں لوگ حصہ لے رہے ہیں۔ اتحاد کی دوڑ، ثقافتی پروگراموں کے ذریعے لاکھوں لوگ اس کا حصہ بن رہے ہیں۔ جب ہم ملک میں اتحاد کے اس بہاؤ کو دیکھتے ہیں، جب ہم 140 کروڑ ہندوستانیوں کے درمیان اتحاد کا یہ احساس دیکھتے ہیں، تو ایسا لگتا ہے جیسے سردار صاحب کے آئیڈیل ہمارے اندر ‘ایک بھارت – شریسٹھ بھارت’ کے عزم کی شکل میں چل رہے ہیں۔ .
مسٹر مودی نے کہا "اس مبارک موقع پر میں سردار ولبھ بھائی پٹیل کے قدموں میں سر جھکاتا ہوں۔ میں یوم قومی یکجہتی کے موقع پر تمام ہم وطنوں کو بہت سی نیک خواہشات پیش کرتا ہوں۔