نائب وزیر اعلیٰ نے نوشہرہ میں چندی ماتا مندر تک اپروچ روڈ کا اِفتتاح کیا
لازوال ڈیسک
نوشہرہ؍؍نائب وزیر اعلیٰ سریندر چودھری جن کے پاس محکمہ تعمیراتِ عامہ ( پی ڈبلیو ڈی ) ، کان کنی ، صنعت و حرفت ، محنت و روزگار اور سکل ڈیولپمنٹ کا چارج ہے ، نے بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانے اور مذہبی مقامات تک رسائی کو آسان بنانے کے مقصد سے ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے آج نوشہرہ میں چندی ماتا مندر تک نو تعمیر شدہ اپروچ روڈ کا اِفتتاح کیا۔ یہ سڑک پروجیکٹ 83.90 لاکھ روپے کی تخمینہ لاگت سے مکمل کیا گیا تھا اور 0.50 کلو میٹر پر محیط ہے اور توقع ہے کہ اس سے مندر آنے والے عقیدتمندوں کے لئے سفر میں نمایاں آسانی ہوگی۔
https://en.wikipedia.org/wiki/Surinder_Kumar_Choudhary
اِس موقعہ پر سریندر چودھری نے خطاب کرتے ہوئے منصوبے کی بروقت تکمیل پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے مذہبی اور ثقافتی سیاحت کے لئے اچھی طرح سے تیار کردہ بنیادی ڈھانچے کی اہمیت پر زور دیا۔ اُنہوں نے کہا کہ اس اپروچ روڈ کی تعمیر سے یاتریوں کو چندی ماتا مندر جانے میں زیادہ آسانی ہوگی جو اس خطے کے لوگوں کے لئے بہت زیادہ مذہبی اہمیت کا حامل ہے۔ ہم اس بات کو یقینی بنانے کے لئے پُرعزم ہیں کہ بنیادی ڈھانچے کی ترقی بالخصوص دیہی اور مذہبی طور پر اہم علاقوں میں مناسب توجہ حاصل ہو۔
نائب وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ ایسی سڑکوں کی ترقی سے نہ صرف بہتر رابطہ قائم ہوگا بلکہ سیاحت کو بھی فروغ ملے گا اور مقامی معیشت میں بھی اضافہ ہوگا۔ اُنہوں نے کہا، ’’اَپنے ورثے اور مذہبی مقامات تک رسائی کو بہتر بنا کر، ہم زیادہ سے زیادہ سیاحوںکو راغب کرسکتے ہیں جس کے نتیجے میں مقامی کاروباری اداروں اور کمیونٹیوں کو فائدہ ہوتا ہے۔‘‘
اُنہوں نے محکمہ تعمیراتِ عامہ (پی ڈبلیو ڈی) کی طرف سے شروع کئے گئے اس منصوبے کو اس کی مؤثر تکمیل کے لئے سراہا ۔مختلف علاقوں کے متعدد وفود اور اَفراد نے اِفتتاح کے بعد نائب وزیر اعلیٰ سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ رہائشیوں نے اپنی شکایات پیش کیں جن میں سڑک رابطے، روزگار اور مقامی ترقیاتی مسائل شامل ہیں۔ نائب وزیرا علیٰ نے وفود اور اَفراد کے مسائل بغور سنا اور یقین دلایا کہ ان کے مسائل کو فوری طور پر حل کیا جائے گا۔
سریندر چودھری نے کہا،’’ہم لوگوں کی فلاح و بہبود کے لئے پُرعزم ہیں۔ ہر شکایت کی مکمل جانچ کی جائے گی اور ان کے ازالے کے لئے اقدامات کئے جائیں گے۔ حکومت کی توجہ تمام شعبوں میں مساوی ترقی پر مرکوزہے اور اس بات کو یقینی بنایا جارہا ہے کہ کوئی بھی خطہ پیچھے نہ رہ جائے۔‘‘نائب وزیر اعلیٰ نے خطے کی مجموعی ترقی کے لئے کام جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔