چیف الیکٹورل آفیسر نے سری نگر پارلیمانی حلقہ میں لوک سبھا اِنتخابات میں زیادہ سے زیادہ رائے دہندگان کی تعداد کو یقینی بنانے کیلئے سویپ سرگرمیوں کو تیز کرنے پر زور دیا
لازوال ڈیسک
سری نگر؍؍ چیف الیکٹورل آفیسرجموںوکشمیر پانڈورانگ کے پولے نے ضلع سری نگرمیں لوک سبھا اِنتخابات 2024 ء کے پُرامن اِنعقاد کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لئے آج یہاں ڈی سی آفس کمپلیکس کے میٹنگ ہال میں ایک میٹنگ کی صدارت کی۔میٹنگ میں ڈِسٹرکٹ الیکشن آفیسر ڈاکٹر بلال محی الدین بٹ بھی موجود تھے جو سری نگر پارلیمانی حلقہ کے ریٹرننگ آفیسر بھی ہیں۔اِس موقعہ پر چیف الیکٹورل آفیسر نے سری نگر پارلیمانی حلقہ میں آئندہ لوک سبھا انتخابات میں زیادہ سے زیادہ رائے دہندگان کی تعداد کو یقینی بنانے پر زور دیا۔
اُنہوں نے عوامی مقامات اور سری نگر ضلع کے سکولوں میں سویپ(ایس وِی اِی اِی پی) سرگرمیوں کو تیز کرنے پر زور دیا تاکہ عوام کو اپنا ووٹ ڈالنے کے بارے میں آگاہ کیا جاسکے۔پانڈورانگ کے پولے نے پنک پولنگ سٹیشنوں کے ذریعہ خواتین کو یہ پیغام بھیجنے پر زور دیا کہ وہ کسی بھی کام کو مؤثر طریقے سے سنبھال سکتی ہیں۔اُنہوں نے خصوصی پولنگ سٹیشنوں یعنی پنک، پی ڈبلیو ڈی، گرین اور اربن کے حوالے سے عوام میں بیداری پیدا کرنے پر زو ردیا اور متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ وہ اِن پولنگ سٹیشنوں پر فراہم کی جانے والی سہولیات کی وسیع پیمانے پر تشہیر کریں تاکہ عوام کو ووٹ ڈالنے کی ترغیب دی جائے اور ضلع میں زیادہ سے زیادہ رائے دہندگان کا ٹرن آؤٹ درج کیا جاسکے۔
چیف الیکٹورل آفیسر نے زائد اَز 85 برس عمر کے شہریوں اور معذور اَفراد (پی ڈبلیو ڈی) کے لئے الیکشن کمیشن آف اِنڈیا کی گھر پر ووٹنگ سہولیت کے مؤثر اِنعقاد کی بھی ہدایت دی تاکہ شہریوں کو زیادہ منصفانہ اور نمائندہ جمہوریت کی سہولیت کے لئے فیصلہ کن قدم کے بارے میں واضح پیغام دیا جاسکے۔پانڈورانگ کے پولے نے ہدایت دی کہ ضلع میں عوام الناس کو ووٹ ڈالنے اور سب سے زیادہ رائے دہندگان کے اندراج کی ترغیب دینے کے لئے سویپ( ایس وِی اِی اِی پی) بیداری سرگرمیوں سمیت اِنتخابات سے متعلق سرگرمیوں کی وسیع پیمانے پر تشہیر کی جائے۔
اُنہوں نے اِنتخابی عمل میں شمولیت اوردیرپایت کو فروغ دینے کے لئے لگن پر زور دیا۔ اُنہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کا ماننا ہے کہ ہر شہری کو اَپنے جمہوری حق کا اِستعمال کرنے کے لئے مساوی رسائی حاصل ہونی چاہئے اور یہ پولنگ سٹیشن اس مقصد کے حصول کی طرف ایک اہم قدم کی نمائندگی کرتے ہیں۔اُنہوں نے اِی وِی ایم کے کام کرنے اور نامزد عملے کی تربیت کی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے جامع ہینڈ آن ٹریننگ کو یقینی بنانے پر زور دیا جس کا مقصد انتخابی عملے کو اِی وِی ایم کے آپریشن اور مینٹننس سے واقف کرنا ہے۔ اُنہوں نے اے آر اوز سے یہ بھی کہا کہ وہ ای ایم ایس پر ڈیٹا کی مناسب اَپ لوڈنگ کو یقینی بنائیں۔چیف الیکٹورل آفیسر نے سی۔ویجل ایپ، ایم سی سی کی خلاف ورزیوں، ایم سی ایم سی، سنگل ونڈو سسٹم، اُمیدواروں کے شیڈو رجسٹر، یقینی کم از کم سہولیات اور ڈِسٹری بیوشن اور کلیکشن سینٹروںپر موصول ہونے والی شکایات کا بھی جائزہ لیا۔ اُنہوں نے اِی وِی ایم کے لئے ٹرانسپورٹیشن کے منصوبے کا بھی جائزہ لیا اور ہدایت دی کہ اسے جی پی ایس سے لیس کنٹینر گاڑیوں میں لے جایا جائے۔انہوں نے متعلقہ افراد کو ووٹروں میں ووٹر انفارمیشن سلپس کی مکمل تقسیم کو یقینی بنانے کی ہدایت دی۔اِس سے قبل ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسر سری نگر ڈاکٹر بلال محی الدین بٹ نے پاورپوائنٹ پرزنٹیشن کے ذریعے ضلع میں آزادانہ، منصفانہ اور شفاف اِنتخابات کے اِنعقاد کے لئے ضلعی پروفائل اور مجموعی اِنتظامات کو پیش کیا۔اُنہوں نے کہا کہ ضلع میں ای سی آئی کے تمام رہنما خطوط پر عمل درآمد کیا جا رہا ہے اور ووٹرز کی زیادہ سے زیادہ شرکت کو یقینی بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔اُنہوں نے ایم سی ایم سی کے کام کاج،ایس ایس ٹی ، ایف ایس ٹی ، وِی وِی ٹی اورٹیموں کی تعیناتی، ضلع میں بزرگ شہریوں اورمعذور اَفراد ووٹروں کے لئے اِنتظامات کے بارے میں بھی بتایا۔میٹنگ میں اے آر اوز، نوڈل اَفسران، ڈپٹی ڈِسٹرکٹ الیکشن آفیسر، ا ے اِی آر اواور دیگر متعلقین نے شرکت کی۔