گیس سلنڈر کی قیمت میں 200 روپے کی کمی انتخابی اسٹنٹ : کانگریس

0
0

رانچی، //جھارکھنڈ پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر راجیش ٹھاکر نے کہا کہ مرکز کی مودی حکومت امیر کو امیر اور غریب کو غریب تر کر رہی ہے۔
مسٹر ٹھاکر نے آج یہاں پریس کانفرنس میں یہ بات کہی۔
وزیر اعظم مودی نے ایل پی جی سلنڈر سمیت تمام ضروری اشیاء کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافے کی وجہ سے عام لوگوں کی تکالیف کی کبھی پرواہ نہیں کی، لیکن برسوں بعد جب انتخابات قریب آئے انہوں نے عوام کے درد کو محسوس کیا اور قیمتوں میں کمی کی اور ایل پی جی سلنڈر 200 روپے سستا کردیا۔ 2014 سے کھانا پکانے والی گیس کی قیمت میں مسلسل اضافہ ہوا ہے اور پچھلے 09 سالوں میں یہ دگنی سے بھی زیادہ ہو چکی ہے اور 2020 سے بی جے پی حکومت نے سبسڈی دینا بھی بند کر دیا ہے۔ پچھلی 02 دہائیوں میں ایل پی جی سلنڈر کی قیمتوں میں اضافے پر گہری نظر ڈالیں تو ہر ووٹر کی آنکھیں کھل جائیں گی اور ایک عام آدمی بھی صاف سمجھ سکتا ہے کہ قیمتوں میں صرف بی جے پی کے دور حکومت میں ہی بے رحمی سے اضافہ کیا گیا ہے۔ گزشتہ ساڑھے 9 برسوں میں مودی سرکار نے کھانا پکانے کی گیس کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ کرکے 31.37 کروڑ عوام کو لوٹا، انہوں نے عوام کی جیب سے 8 لاکھ 33 ہزار 640 کروڑ روپے سے زائد کی لوٹ کی۔ 2017 سے اب تک مودی جی نے صرف ہماری اجولا بہنوں سے اڑسٹھ ہزار سات سو، دو کروڑ روپے سے زائد لوٹے۔ ایل پی جی سلنڈر کی قیمت میں 200 روپے کی کمی مودی حکومت کی طرف سے 05 ریاستوں کے آئندہ انتخابات اور پھر لوک سبھا انتخابات میں ووٹروں کو اپنی طرف متوجہ کرنے کا سیاسی اسٹنٹ ہے۔ گیس سلنڈر اب بھی 960 روپے کا ہے لیکن بی جے پی ڈھول پیٹ رہی ہے کہ گیس سلنڈر سستا ہو گیا ہے۔ مودی سرکار نے گیس سلنڈر سستا نہیں کیا ہے لیکن مہنگائی کا معیار بدل دیا ہے۔ موجودہ مرکزی حکومت نے عوام کی حالت ایسی کر دی ہے کہ ’’اگر پیاس کی وجہ سے حلق خشک ہو جائے تو پانی کے دو قطرے پلائیں اور کہیں کہ سب کو پانی مل گیا، پیاس سے راحت مل گئی ہے‘‘۔
مسٹر ٹھاکر نے کہا کہ پچھلے ساڑھے 9 برسوں میں مودی حکومت نے ایندھن ٹیکس کے ذریعے 30 لاکھ کروڑ روپے کا منافع کمایا ہے۔ 2014 سے اب تک مودی حکومت نے گیس سلنڈر کی قیمت میں 185 فیصد اضافہ کیا ہے اور اب اس میں صرف 17.5 فیصد کی کمی کی گئی ہے۔ یعنی گیس سلنڈر 2014 کے مقابلے میں اب بھی 167.5 فیصد مہنگا ہے۔ عام لوگوں کی قوت خرید کے مطابق ہمارے ملک میں دنیا کے مہنگا ترین سلنڈر فروخت ہو رہا ہے۔ دیوالی، ہولی، رکشا بندھن کتنے ہی گزر گئے اور گیس سلنڈر کی قیمت بڑھتی ہی گئی۔ کھانا پکانے کی گیس میں عوام کو لوٹنے والے رکھشا بندھن کے نام پر ماؤں بہنوں کو ریلیف دینے کا ڈرامہ کر رہے ہیں۔ انتخابات کے بعد قیمتوں میں مسلسل اضافے کا ریکارڈ رکھنے والے انتخابات سے قبل قیمتوں میں قدرے کمی کرکے بڑی راحت دینے کا ڈھول پیٹ رہے ہیں۔ ملک کے عوام بی جے پی کی مودی حکومت کی رگ رگ سے واقف ہوچکے ہیں، اب کوئی ان کے جال میں نہیں آنے والا۔

FacebookTwitterWhatsAppShare

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا