لازوال ڈیسک
ریاسی؍؍گورنمنٹ جنرل زوراورسنگھ میموریل ڈگری کالج ریاسی نے 21 فروری کو پرنسپل ڈاکٹر کلویندر کور کی سرپرستی میں کالج کے ملٹی پرپز ہال میں مادری زبان کا عالمی دن منایا۔ پروگرام میں مہمان خصوصی کے طور پر کالج پرنسپل ڈاکٹر کلویندر کور موجود رہیں۔ پروگرام کا آغاز پروفیسر سروتہ شرما صدر شعبہ ڈوگری کے استقبالیہ خطبہ سے ہوا۔ ان کے بعد پروفیسر ظہیر عباس صدر شعبہ معاشیات نے گوجری غزل پیش کی۔ جبکہ شعبہ اردو سے ڈاکٹر شوکت احمد نے "اردو کی موجودہ صورتحال” اور ڈاکٹر عبدالمجید نے "مادری زبان کی اہمیت” پر اپنے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
ان کے بعد مہمان خصوصی کے طور پر کالج پرنسپل ڈاکٹر کلویندر کور نے اپنے تاثرات پیش کرتے ہوئے سب سے پہلے اس طرح کے پروگرام منعقد کرنے پر منتظمین کو مبارکباد پیش کی۔ اور مادری زبان کے عالمی دن کی اہمیت اور ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہر قوم اور قبیلے کی پہچان اس کی مادری زبان سے ہوتی ہے لہٰذا ہم سب کو چاہیے کہ ہمیں دیگر ترقی یافتہ زبانوں کے ساتھ ساتھ اپنی اپنی مادری زبانوں کو بھی فروغ دینا چاہیے۔
مادری زبان بولنے پر بھی ہمیں فخر محسوس کرنا چاہیے۔ اس موقع پر کالج کے شعبہ ڈوگری ، ہندی اور اردو کے طلبا نے بھی مادری زبان کی اہمیت و افادیت پر اپنے زریں خیالات کو پیش کیا۔ اس موقع پر رنگا رنگ ثقافتی پروگرام کا بھی اہتمام کیا گیا جس میں ڈوگری طلبا نے ڈوگری ڈانس اور ایک اسٹیچ ڈراما بھی پیش کیا۔ کچھ طلباء نے اپنی اپنی مادری زبانوں میں تقاریر اور اشعار بھی پیش کئے۔ اس موقع پر طلباء اور کالج کے اسٹاف کی بڑی تعداد موجود تھی۔ اس پورے پروگرام میں نظامت کے فرائض سونیا کماری نے ادا کیے۔ آخر میں پروفیسر ظہیر عباس ضیاء ہیڈ ڈیپارٹمنٹ آف اکنامکس نے اظہارِ تشکر پیش کیا۔ اس موقع پر ڈاکٹر ستیش کمار، ڈاکٹر سندیپا کوتوال، راکیش منیا، پروفیسر عمیق الرحمن چودھری، پروفیسر اظہر محمود اور دیگر موجود تھے۔