یواین آئی
نئی دہلی؍کانگریس نے دعوی کیا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی)اور عام آدمی پارٹی (آپ)کے درمیان گجرات اسمبلی انتخاب میں زبر دست مفاہمت ہے اور دونوں فریق ایک دوسرے کے معاون بن کرکھلم کھلا کھیل کھیل رہے ہیں۔کانگریس کے گجرات کے انچارج رکھو شرما، پارٹی ترجمان پون کھیڑا اور اندرنیل راج گرو نے آج یہاں پارٹی ہیڈ کوارٹر میں مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا کہ آپ کو گجرات میں بی جے پی کی طرف سے پوری مدد مل رہی ہے۔ پنجاب کے وزیر اعلی بھگونت مان اور دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال پنجاب حکومت کے چاٹرڈ ہوائی جہاز سے پیسے لے کرگجرات جاتے ہیں لیکن حکومت کچھ نہیں بولتی ہے۔انھوں نے سوال کیا کہ جہاز کو گجرات جانے کی اجازت کس نے دی اس کا انکشاف کیا جانا چاہئے۔انھوں نے کہا کہ آپ کے دو دو وزیر اعلی مخصوص ہوائی جہاز سے وہاں پہنچ رہے ہیں اور ان کی کوئی جانچ نہیں ہو رہی ہے۔ حکومت ہند کی وزرات ہوا بازی کو اس پر غور کرنا چاہئے تھا لیکن وہ ایسا نہیں کر رہی ہے۔کانگریس کے لیڈروں نے کہاکہ آپ نے گجرا ت میں بی جے پی کے ہیڈ کواٹر کملم میں پارٹی کے امیدواروں کی کل ہی فہرست جاری کی ہے۔اس کا مطلب ہے کہ بی جے پی اور آپ کے درمیان سمجھوتہ ہے اور آپ بی جے پی کی بی ٹیم ہے۔انھوں نے کہا کہ حکومت کو بتانا چاہئے کہ دو دو وزیر اعلی کس مقصد سے مخصوص جہازسے گجرات دورے پر گئے تھے۔