مدرسوں کیخلاف بیان کویندر گپتا کا ذہنی دیوالیہ پن
کے این ایس
سرینگرنیشنل کانفرنس نے بھاجپا لیڈر اور سابق نائب وزیر اعلیٰ کوندر گپتا کی مدرسوں کے خلاف دئے گئے بیان کو اُن کے ذہنی دیوالیہ پن قرار دیا۔ پارٹی نے موصوف کی زہرافشائی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس قسم کے ریمارکس مسلمانوں کیخلاف نفرت پیدا کرکے لوگوں کو مذہبی بنیادوں پر تقسیم کرنا ہے۔ کشمیرنیوز سروس (کے این ایس) کے مطابق نیشنل کانفرنس نے بھاجپا لیڈر اور سابق نائب وزیر اعلیٰ کوندر گپتا کی مدرسوں کے خلاف دئے گئے بیان کو اُن کے ذہنی دیوالیہ پن قرار دیا۔ ترجمان اعلیٰ آغا سید روح اللہ مہدی نے کوندر گپتا کی طرف سے مدارس کو نشانہ بنائے جانے پر زبردست ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ موصوف کے الزامات سراسر بے بنیاد ہیں اور وہ سرخیاں حاصل کرنے کے لئے غلط بیانات دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن قریب آتے ہی اس قسم کی بیان بازی کرنے سے بھاجپا لیڈر کے ذہنی دیوالیہ پن کی عکاسی ہوتی ہے۔انہوںنے کہا کہ مدرسے کھلی کتاب کی طرح ہیں جو امن وبھائی چارے کادرس دیتے ہیں اور امن پسند شہری تیار کرتے ہیں۔ مدرسوں میں ”لکم دینکم ولی دین“ کا درس دیا جاتا ہے، جس کے معنی ’تمہارے لئے تمہارا دین، ہمارے لئے ہمارادین‘ ہے ، جو برداشت اور احترام کی راہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوندر گپتا جیسے آر ایس ایس کے ٹٹو سستی شہرت حاصل کرنے کے لئے اس قسم کے بیانات دے رہے ہیں۔ کوندر گپتا کے بیان کے مذمت خود ان کے طبقے کے لوگ کررہے ہیں۔ آغا روح اللہ نے کہا کہ مدارس میں امن وامان اور اخوت وبھائی چارہ کا درس دیاجاتا ہے ، انسان کو انسان بنایا جاتاہے ، غلط اور صحیح میں تمیز سکھائی جاتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کی آزادی کی جنگ میں مدرسوں سے نکلنے والے علمائے کرام نے سب سے زیادہ قربانیاں پیش کیں اور اس جدوجہد میں اہم کردار ادا کیا ۔ انہوں نے کہا کہ جہاں ایک طرف ہندوستان کی آزادی میں مدرسوں سے نکلنے والے علماءبیش بہا قربانیاں پیش کررہے تھے وہیں آر ایس ایس والے انگریز سامراج کے تلوے چاٹنے میں مصروف تھے۔انہوں نے کہا کہ آنجہانی مہاتما گاندھی کو قتل کرنے والا مدرسے سے نہیں نکلا تھا بلکہ وہ آر ایس ایس کی شاکھا کی پیداوار تھا۔انہوں نے کہا کہ پی ڈی پی کی سربراہی والی حکومت کے دوران خطہ جموں کے اضلاع میں ہتھیار بند ریلیاں نکال کر آر ایس ایس والوں نے اپنے دہشت گرد ہونے کا ثبوت پیش کیا تھا اور کوندر گپتا جیسے فرقہ پرست لوگ ان ریلیوں میں بڑھ چڑھ کر حصے لے رہے تھے۔ انہوں نے کہاکہ کوندر گپتا اُس پارٹی سے تعلق رکھتے ہیں جو معصوموں کی عصمت دری، قتل اور ہجومی تشدد میں ملوث افراد کے حق میں ریلیاں نکالتے ہیں اور اُن کیلئے چندہ جمع کرتے ہیں، اس لئے کسی کیخلاف اُنگلی اُٹھانے سے قبل انہیں اپنے گریبان میں جھانکا چاہئے۔پارٹی ترجمان نے مطالبہ کیاکہ کوندر گپتا کے ان ریمارکس پر اُن کیخلاف کیس درج کیا جانا چاہئے ۔