صدر جمہوریہ نے مختلف زمروں میں سوچھ سرویکشن گرامین ایوارڈ پیش کئے
یواین آئی
نئی دہلی؍؍صدر دروپدی مرمو نے اتوار کو یہاں سوچھ بھارت دیوس منانے کے لئے جل شکتی کی وزارت کی طرف سے منعقدہ ایک پروگرام میں شرکت کی اور مختلف زمروں میں سوچھ سرویکشن گرامین ایوارڈ پیش کئے۔اس موقع پر انہوں نے بابائے قوم مہاتما گاندھی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ گاندھی جی کے خیالات لازوال ہیں۔ انہوں نے سچائی اور عدم تشدد کی طرح صفائی پر بھی زور دیا۔ صفائی پر ان کے عزم کا مقصد سماجی بگاڑ کو دور کرنا اور ایک نئے ہندوستان کی تعمیر کرنا تھا۔ اس لیے ان کی سالگرہ کو ‘سوچھ بھارت دیوس’ کے طور پر منانا انہیں حقیقی خراج عقیدت پیش کرنا ہے۔صدر جمہوریہ نے کہا کہ 2014 میں ‘سوچھ بھارت مشن-گرامین’ کے آغاز کے بعد سے اب تک 11 کروڑ سے زیادہ بیت الخلا بنائے گئے ہیں اور تقریباً 60 کروڑ لوگوں نے کھلے میں رفع حاجت کرنے کی اپنی عادت بدل لی ہے۔ انہوں نے خوشی کا اظہار کیا کہ اس مشن کے ذریعے ہندوستان نے 2030 کی مقررہ تاریخ سے 11 سال قبل اقوام متحدہ کے پائیدار ترقی کا ہدف نمبر 6 حاصل کر لیا ہے۔مرمو نے کہا کہ ‘سوچھ بھارت مشن-گرامین’ رویے میں تبدیلی کی تحریک ہے۔ کووڈ وبا کے دوران، سب نے محسوس کیا کہ بیت الخلا، صابن سے ہاتھ دھونے کی عادت اور نلکوں کے ذریعے پانی کی فراہمی نے اس آفت میں ڈھال کا کام کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ‘سوچھ بھارت مشن-گرامین’ کے دوسرے مرحلے کو نافذ کر رہی ہے، جس کا مقصد ملک کے تمام چھ لاکھ گاؤں کو کھلے میں رفع حاجت سے پاک بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس میں کامیابی حاصل کرنے کے بعد اب ہمیں ٹھوس اور مائع فضلہ کے انتظام جیسے پیچیدہ اور تکنیکی مسائل کو حل کرنا ہے۔ انہوں نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ ‘سوچھ بھارت مشن گرامین’ کے دوسرے مرحلے کے آغاز کے بعد سے ایک لاکھ 16 ہزار سے زیادہ دیہاتوں نے خود کو کھلے میں رفع حاجت سے پاک قرار دیا ہے اور تقریباً تین لاکھ گاؤں میں ٹھوس اور مائع کچرے کے انتظام کا کام بھی شروع ہو چکا ہے۔