سری نگر، // منشیات کے خلاف جنگ کو جاری رکھتے ہوئے پولیس نے وسطی کشمیر کے ضلع گاندربل میں سائیکو ٹراپک مواد بر آمد کیا ہے اور اس جرم کے ارتکاب کے لئے استعمال کی جانے والی گاڑی کو بھی ضبط کیا ہے۔
ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ پولیس چوکی شادی پورہ کو مصدقہ ذرائع سے ایک اطلاع موصول ہوئی کہ منظور احمد بٹ عرف سیٹھ ولد مرحوم غلام محمد بٹ ساکن بٹہ ونی نے اپنے رہائشی مکان میں کچھ ممنوعہ ڈرگس رکھے ہیں جن کو وہ مقامی نوجوانوں کو فروخت کرنے کا ارداہ رکھتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اطلاع پر فوری کارروائی کرتے ہوئے پولیس چوکی شادی پورہ کی ایک پارٹی نے ملزم کے گھر پر چھاپہ مارا۔ان کا کہنا تھا: ‘تلاشی کے دوران ملزم کی سکارپیو گاڑی زیر رجسٹریشن نمبر JK 16 – 0901 سے سائیکو ٹراپک مواد سپاسموپراگزیان کے 10 پتے بر آمد کئے گئے۔
بیان میں کہا گیا کہ ممنوعہ مواد اور اس کے لئے استعمال کی جانے والی گاڑی کو بر سر موقع ہی بر آمد کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ ملزام فرار ہوا ہے تاہم اس کو بہت جلد دھر لیا جائے گا۔ان کا کہنا تھا کہ اس سلسلے میں پولیس اسٹیشن گاندربل میں متعلقہ دفعات کے تحت ایک کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی گئی ہیں۔