یہ لوگ ہمیں ایک ایک کرکے جیل میں ڈالنا چاہتے ہیں: آتشی
یواین آئی
نئی دہلی؍؍دہلی کے وزیر اعلی اور عام آدمی پارٹی (اے اے پی) کے کنوینر اروند کیجریوال کی حمایت میں ہفتہ کو اے اے پی نے انڈیا اتحاد کی اتحادی جماعتوں کے ساتھ یہاں شہیدی پارک میں مظاہرہ کرتے ہوئے ملک کی جمہوریت کو بچانے اور آمرانہ حکومت سے آزادی دلانے کا عزم کیا۔
پنجاب کے وزیر اعلی بھگونت مان نے کہا کہ بھگت سنگھ نے 23 سال کی عمر میں ملک کی آزادی کے لیے قربانی دی تھی۔ ہم آج یہاں ان کو سلامی دینے کے لئے آئے ہیں۔ بھگت سنگھ ملک میں جمہوریت لانے کے لیے شہید ہوئے تھے۔ بھگت سنگھ، سکھ دیو، راج گرو، چندر شیکھر آزاد اور لالہ لاجپت رائے نے انگریزوں سے کہا تھا کہ یہ ملک چھوڑ دو، ہم ووٹ دے کر اپنے لیڈر خود منتخب کریں گے۔ 1947 میں جب ملک آزاد ہوا تو ہمیں ووٹ کا حق ملا اور ملک کے لیے لیڈروں کا انتخاب شروع کر دیا، لیکن آج بھگت سنگھ، راج گرو اور سکھ دیو کی روحیں تڑپ رہی ہوں گی کہ جس آزادی کے لئے قربانیاں دی تھیں، اس ملک میں اب جمہوریت باقی نہیں ہے۔
اے اے پی کی سینئر لیڈر اور وزیر آتشی نے کہا کہ یہ لوگ ہمیں ایک ایک کرکے جیل میں ڈالنا چاہتے ہیں۔ یہ لوگ چاہتے ہیں کہ ہم الیکشن نہ لڑ سکیں۔ اس لیے ہم کوئی لڑائی جھگڑے نہیں کریں گے۔ ہم الیکشن کمیشن سے وقت مانگیں گے اور جن پولیس اہلکاروں نے پارٹی آفس سیل کیا ہے، ان کی شکایت کریں گے۔ انہوں نے کارکنوں سے کہا کہ آپ لوگ اپنے اپنے علاقوں میں جا کر الیکشن کی تیاری کریں۔ ہمیں الیکشن میں ان لوگوں کو ہرانا ہے۔