ڈرون کیمروں کے ذریعے جنگل میں کئی ملی ٹینٹوں کو دیکھا گیا ہے ،ایک وسیع الریض جنگلی علاقہ سیل
یواین آئی
جموں؍؍جموں وکشمیر کے کٹھوعہ ضلع کے بنی جنگلی علاقے میں مفرور ملی ٹینٹوں کے خلاف تلاشی آپریشن دوسرے روز بھی جاری رہا۔بتادیں کہ ڈرون کیمروں کے ذریعے جنگل میں کئی ملی ٹینٹوں کو دیکھا گیا ہے جس کے بعد سیکورٹی فورسز نے ایک وسیع الریض جنگلی علاقے کو سیل کیا ہے۔اطلاعات کے مطابق جموں وکشمیر کے کٹھوعہ ضلع کے بنی علاقے میں دوسرے روز بھی ملی ٹینٹ مخالف آپریشن جاری رہا۔ذرائع نے بتایا کہ فوج ، پولیس اور سی آر پی ایف کی ایک بھاری جمعیت نے جنگلی علاقے کو محاصرے میں لے رکھا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ جنگلی علاقے میں نصف درجن کے قریب ملی ٹینٹوں کی موجودگی کی اطلاع ملنے کے بعد ہیلی کاپٹروں کے ذریعے پیرا کمانڈوز کو اتار ا گیا ہے۔دفاعی ذرائع کے مطابق کٹھوعہ کے بنی جنگلی علاقے میں ملی ٹینٹوں کو مار گرانے کی خاطر ہیلی کاپٹروں کی خدمات حاصل کی گئی ہے۔انہوں نے کہاکہ بسنت گڑھ ادھم پور میں وی ڈی جی ممبر پر حملے کے بعد دہشت گرد فرار ہوئے اور بعد ازاں بنی جنگل میں انہیں دیکھا گیا۔ان کے مطابق ملی ٹینٹوں کا ایک گروپ جنگلی علاقے میں محصور ہیں اور ان پر ڈرون کیمروں اور ہیلی کاپٹروں کے ذریعے نظر گزر رکھی جارہی ہیں۔