سری نگر، 12 اگست (یو این آئی) جنوبی کشمیر کے اہلن گڈول کوکرناگ جنگل علاقے میں ملی ٹنٹوں کی تلاش کے لئے پیر کو مسلسل تیسرے روز بھی وسیع پیمانے پر تلاشی آپریشن جاری ہے۔
بتادیں کہ کوکر ناگ کے اہلن گڈول جنگل علاقے میں ہفتے کے روز سیکورٹی فورسز اور ملی ٹینٹوں کے مابین شدید گولیوں کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں دو فوجی جوان جاں بحق جبکہ دو عام شہری بھی زخمی ہوئے جن میں سے ایک زخموں کی تاب نہ لا کر چل بسا۔
ذرائع کے مطابق کوکر ناگ کے اہلن گڈول علاقے میں آپریشن جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ چونکہ اہلن گڈول کا علاقہ گھنے جنگلات پر محیط ہے جس کے پیش نظر سیکورٹی فورسز کے اہلکار آہستہ آہستہ آگے بڑھ رہے ہیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ اضافی کمک کو جنگلی علاقے کی اور روانہ کیا گیا ہے۔ان کامزید کہنا ہے کہ جنگلی علاقے میں ڈرون کیمروں کے ذریعے نظر گزر رکھی جارہی ہیں۔