لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہانے گہرے دُکھ کا اِظہار کیا ،سوگوارکنبوںکے ساتھ اِظہارِ ہمدردی
یواین آئی
سری نگر؍؍جنوبی ضلع کولگام کے نی پورہ میں ہفتے کی سہ پہر ٹریفک کے ایک دلدوز حادثے میں پنجاب سے تعلق رکھنے والے چار سیاح ہلاک جبکہ تین دیگر زخمی ہوئے۔اطلاعات کے مطابق ہفتے کی سہ پہر نی پورہ کولگام میں اس وقت سنسنی کا ماحول پھیل گیا جب سیاحوں کی ایک گاڑی کو حادثہ پیش آیا۔معلوم ہوا ہے کہ آس پاس موجود لوگ فوری طور پر جائے موقع پر پہنچے اور حادثے میں زخمی ہوئے سات سیاحوں کو گورنمنٹ میڈیکل کالج اننت ناگ منتقل کیا تاہم وہاں پر تعینات ڈاکٹروں نے چار سیاحوں کو مردہ قرار دیا۔
مہلوکین کی شناخت سندیپ شرما، رومی ، جگدیش سنگھ اور گرمیت سنگھ کے بطور کی گئی جبکہ زخمیوں کی پہچان ہر چند سنگھ ، آشو اور کرنپال کے بطور ہوئی ہے۔ہسپتال ذرائع نے بتایا کہ زخمی تین سیاحوں میں سے بھی دو کی حالت انتہائی نازک بنی ہوئی ہے۔دریں اثنا پولیس نے اس ضمن میں کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی ہے۔
لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہانے آج کولگام میں پیش آ ئے المناک سڑک حادثے پر گہرے دُکھ کا اِظہار کیا ہے جس میں پنجاب کے چار باشندوں کی جانیں چلی گئیں اور تین دیگر زخمی ہو گئے۔لیفٹیننٹ گورنر نے اَپنے ایک تعزیتی پیغام میں کہاکہ آج کولگام میں ایک بدقسمت سڑک حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع کے بارے میں جان کر مجھے بہت دکھ اور افسوس ہوا ہے۔اُنہوں نے سوگوارکنبوںکے ساتھ ہمدردی اور تعزیت کا اِظہار کیا ہے۔اُنہوں نے زخمیوں کی جلد صحتیابی و شفایابی کے لئے دعا کی ہے۔ لیفٹیننٹ گورنر نے ضلعی اِنتظامیہ کو ہدایت دی ہے کہ وہ متاثرہ کنبوں کو قانون کے مطابق تمام ضروری مدد فراہم کی کرے۔