کمال امروہی : بالی وڈ کا باکمال مکالمہ نویس اور ہدایت کار

0
0

یو این آئی
ممبئی// ہندوستانی سینما کے لیے ایک بڑی شخصیت کے طور پر شمار کئے جانے والے کمال امروہوی نے ناظرین کے دل و دماغ پرایسے نقوش ثبت کئے جنہیں آج تک نہیں مٹایا جاسکا کمال امروہی کی پیدائش 17جنوری 1918 کو اُتر پردیش کے شہر امروہہ میں ایک زمیندار گھرانے میں ہوئی ان کا اصلی نام سیّد امیر حیدر تھا اور پیار سے گھر والے ان کو ‘چندن کے نام سے پکارتے تھے۔ گھر میں سب سے کم عمر ہونے کی وجہ سے کمال امروہی بہت شرارتی، چنچل اور لاڈلے تھے۔ بچپن سے ہی کمال امروہی حُسن پرست تھے۔ چاہے قدرت کے حسین مناظر ہوں یا قدرت کا بنایا ہوا کوئی حسین چہرہ، وہ ہر طرح کے حُسن کے دلدادہ تھے اور شاید یہی وجہ تھی کہ پڑھائی لکھائی میں ان کا دل کم ہی لگتا تھا۔ بہتر تعلیم کے لیے انھیں دہرہ دون بھیجا گیا جہاں انھوں نے ہائی اسکول تک کی تعلیم مکمل کی۔ اسی دوران ایک ایسا واقعہ رونما ہوا جس نے ان کی زندگی کے رخ کو بدل دیا۔ہوا یوں کہ ان کے بڑے بھائی نے ان کی شرارتوں سے تنگ آکر انہیں طمانچہ رسیدکردیا۔غصہ سے بھرے کمال امروہوی گھرچھوڑ کر لاہور بھاگ گئے ۔ لاہور نے ان کی زندگی کی سمت ہی بدل دی۔ انہوں نے بڑا آدمی بننے کا عزم کرلیا تھا۔انہوں نے خوب محنت کی اورقدیم لسانیات میں ماسٹر کی ڈگری حاصل کرلی۔ لاہور میں کمال امروہوی کی ملاقات معروف نغمہ نواز اور اداکار کندن سہگل سے ہوئی ۔وہ کمال صاحب کی صلاحیتوں کو پہچان کر انہیں فلم میں کام دلانے کے لئے سہراب مودی کے پاس بمبئی لے گئے یہاں آکر وہ فلم انڈسٹری میں جدو جہد کرنے لگے۔سہراب مودی نے اپنی شہرۂ آفاق تاریخی فلم ‘پُکار’ کی کہانی بھی سیّد امیر حیدر کمال سے لکھوائی۔فلم پکار(1939)نے کامیابی اور شہرت کے ایسے جھنڈے گاڑے کہ چاروں طرف کمال کے نام کا ڈنکا بج گیا اور ”باادب، باملاحظہ ہوشیار۔۔۔” کی آواز پوری فلم انڈسٹری میں گونجنے لگی۔ یہ فلم نسیم بانو اور چندرموہن کی اداکاری سے مزین تھی۔ انہوں نے اس فلم کے لئے چار گیت لکھے۔اس فلم کی کامیابی کے بعد کمال امروہوی کا جادو فلموں میں چل گیاا ور انہوں نے متعدد فلموں کے لئے کہانی سکرپٹ اور ڈائیلاگ تحریر کئے۔ کمال امروہی ہندوستانی سینما کے لیے ایک بہت بڑی شخصیت کے روپ میں فلم ‘پکار’ سے اپنے آپ کو منوانے میں کامیاب ہوئے۔ اُن کو اپنے آپ پر بہت بھروسہ تھا۔ یہی وجہ تھی کہ انھوں نے پہلی بار ایک قلمکار کے طور پر یہ شرط رکھی کہ ان کا نام فلم کے پردے پر الگ سے ایک فریم میں دیا جائے گا۔اس طرح ایک کہانی کار اور ایک مکالمہ نگار کی الگ سے پہچان کرانے میں کمال امروہی نے پہل کی۔ فلمی دنیا کے لیے ان کی حیثیت کئی طرح سے قابل قدر ہے۔ انھوں نے ادیبوں کو ایک خاص، قابل احترام اور اہم مقام دلانے میں پہل کی۔ فلم ‘محل’ کی ہدایت اور کہانی لکھ کر انھوں نے ہندوستانی سنیما میں سسپنس فلموں کا آغاز کیا۔ اشوک کمار اور مدھوبالا کو نئے انداز میں پیش کرکے معیاری سینما کے لیے ایک خاص حیثیت بخشی۔ ‘آئے گا آنے والا۔۔۔ ‘ گیت ‘محل’ کے لیے گا کر لتا منگیشکر بھی ہندوستانی فلم سنگیت میں اپنا مقام بنا سکیں۔ اس سے حوصلہ پاکر کمال امروہوی نے 1953میں کمال پکچرس اور 1958میں کمالستان اسٹوڈیو کی بنیاد رکھی۔اردو زبان و ادب کی تاریخ اور تہذیب کے شاہکار عطا کرنے والے اس فن کار نے 11فروری 1993 کو حرکت قلب بند ہو جانے سے اِس جہاں فانی کو الوداع کہہ دیا ۔

FacebookTwitterWhatsAppShare

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا