صوفی شاعر خالہ صاب چھان کا منایا گیا یوم وصال
شافیہ گلفام
بانڈی پورہ؍؍جے اینڈ کے اکیڈمی آف آرٹ کلچر اینڈ لینگویجز اور بہاوالدین کلچرل فورم بانڈی پورہ کے اشتراک سے اجس بانڈی پورہ میں ایک ادبی تقریب منعقد ہوئی۔ یہ تقریب معروف صوفی شاعر خالہ صاب چھان کے یوم وصال کے سلسلے میں منعقد کی گئی تھی۔ تقریب میں صوفی شاعر خالہ صاب چھان کو ان کے یوم وصال پر شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا گیا۔تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے کیا گیا جس کی سعادت مولوی ریاض ہاکباری کو حاصل ہوئی اور نعت رسول مقبول مستان فاروق نے پیش کیا۔تقریب کی صدارت معروف صوفی شاعر غلام رسول کرہامی نے اور ان کے ساتھ ایوان صدارت میں دوست محمد ڑار، بشیر اجسی،مستان فاروق اور مولوی ریاض ہاکباری بھی موجود رہے۔ تقریب میں مشاعرے کا بھی اہتمام کیا گیا تھا اور مشاعرے سے پہلے بشیر اجسی نے صوفی شاعر خالہ صاب چھان کے ادبی کارناموں پر مختصر مکالہ پیش کیا۔مشاعرے میں جن شعراء و شاعرات نے شرکت کی ان میں بشیر احمد لون، حاجرہ بیگم،مہتاب منظور، غلام حسن، راجہ بیگم، محمد سعید، غلام رسول بٹ، غلام حسن نجار، عائشہ بیگم، حمیدہ بیگم، مستان فاروق، ریاض ہاکباری،غلام نبی ڑار، بشیر وگے،بشیر اجسی،غلام محمد ڑار اور محمد رفیق قابل ذکر ہیں۔تقریب کے اختتام پر نامور گلوکار محمد اسلم صادناری نے کلام خالہ صاب پیش کرکے حاضرین کو محضوظ کیا۔شدید سردی کے باعث تقریب میں حاضرین کی خاصی تعداد نے شرکت کی۔آخر پر صدر محفل غلام رسول کرہامی اپنے صدارتی کلمات پیش کرتے ہوئے کلچرل اکیڈمی کے کام کو سراہا اور ایسے پروگرام دور دراز علاقوں میں منعقد کرنے کیلئے اکیڈمی کے سیکرٹری بھارت سنگھ منہاس کی کافی تعریف کی۔اس تقریب کے انچارج ڈاکٹر شبنم رفیق اور معاون ریاض احمد تھے۔ تقریب کی نظامت کے فرائض مہتاب منظور نے انجام دئے۔