بانڈی پورہ میں کنٹریکٹر کارڈ کے حصول کی خاطر 29ہزار روپیہ کی رشوت طلب کی:اے سی بی
یواین آئی
سری نگر؍؍اینٹی کپرشن بیورو نے ایگزیکٹیو انجینئر آر اینڈ بی بانڈی پورہ میں تعینات کلرک کو 29ہزار روپیہ کی رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں دھر دبوچ کر سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیا۔اے سی بی کے ایک ترجمان نے بتایاکہ اینٹی کرپشن بیورو میں ایک شخص نے تحریری طورپر شکایت درج کی کہ ایگزیکٹیو انجینئر آر اینڈ بی بانڈی پورہ میں تعینات کلرک غلام نبی وانی کنٹریکٹر کارڈ کے حصول کی خاطر 29ہزار روپیہ کی رشوت طلب کر رہا ہے۔شکایت کنندہ نے بتایا کہ وہ غریبی کی سطح سے نیچے زندگی بسر کرنے والے کنبے سے تعلق رکھتا ہے اور پوسٹ گریجوٹ ہونے کے باوجود بھی بے روزگار ہے لہذا گھر والوں کی کفالت کی خاطر ٹھیکیدار ی کرنے کے بارے میں سوچا اور اس حوالے سے کنٹریکٹر کارڈ کی خاطر متعلقہ محکمہ کے ساتھ رجوع کیا۔انہوں نے مزید بتایا کہ میرا ایک دوست ٹھیکیدار ہے اورا س کے ساتھ کام کر رہا تھا اور مجھے ٹھیکیداری میں کافی تجربہ ہے۔انہوں نے کہاکہ ایگزیکٹیو انجینئر بانڈی پورہ میں ٹھیکیدار کارڈ کے حصول کی خاطر پہنچا اور وہاں پر کلرک غلام نبی وانی سے ملاقات کی اور ٹھیکیدار کارڈ کے بارے میں ان سے جانکاری مانگی۔ان کے مطابق سبھی لوازمات پورے کرنے کے بعد کلرک نے 30ہزار روپیہ رشوت کا تقاضا کیا۔انہوں نے بتایا کہ کلرک سے رشوت کی رقم کم کرنے کے بارے میں درخواست کی لیکن اس نے ایک نہیں سنی اور 29ہزار روپیہ دینے کا مطالبہ کیا۔تحریری شکایت موصول ہونے کے بعد اینٹی کرپشن بیورو نے کلرک غلام نبی وانی کے خلاف کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی۔اے سی بی نے جال بچھایا اور کلرک کو شکایت کنندہ سے 29ہزار روپیہ کی رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں دھر دبوچ کر سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیا۔اس سلسلے میں مزید تحقیقات شروع کی گئی ہے۔