سری نگر،// وادی کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں برف باری اور میدانی علاقوں میں ہلکی بارشوں کے بیچ شبانہ درجہ حرارت میں نمایاں بہتری ریکارڈ ہوئی ہے جس سے لوگوں کو ٹھٹھرتی سردیوں سے راحت نصیب ہوئی ہے۔
ادھر وادی کے شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 10 سینٹی میٹر برف جمع ہوئی ہے جبکہ وادی کے دیگر سیاحتی مقامات سونہ مرگ اور دودھ پتھری وغیرہ میں بھی برف جمع ہوئی ہے جس سے ان مقامات پر موجود سیاح لطف اٹھا رہے ہیں۔
حکام نے برف باری سے سڑک پر پھسلن پیدا ہونے کے پیش نظر ٹنگمرگ سے گلمرگ تک صرف 4 بائی 4 گاڑیوں کو ہی چلنے کی اجازت دی ہے۔
محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان کے مطابق دو درمیانی درجے کی مغربی ہواﺅں کے نتیجے میں جموں وکشمیر میں 3 فروری تک موسم خراب رہ سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وادی میں یکم فروری سے 3 فروری تک بھی کئی مقامات پر انہوں نے کہا: ‘وادی میں 28 اور 29 جنوری کو کئی مقامات پر ہلکی سے درمیانی درجے کی بارشوں یا برف باری کا امکان ہے’۔
ان کا کہنا تھا کہ اس دوران کپوارہ، بارہمولہ، گاندربل، شوپیاں اور کولگام اضلاع کے بالائی علاقوں میں بھاری برف باری ہوسکتی ہے۔
موصوف ترجمان نے کہا کہ بعد ازاں وادی کے کئی مقامات 30 اور 31 جنوری کو بھی ہلکی سے درمیانی درجے کی بارشوں یا برف باری کا امکان ہے اور مذکورہ بالا اضلاع کے بالائی علاقوں میں بھاری برف باری ہوسکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وادی میں یکم فروری سے 3 فروری تک بھی کئی مقامات پر بارشوں یا برف باری کا امکان ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس دوران صوبہ جموں کے میدانی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ رک رک کر بارشیں متوقع ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس ایک ہفتے کے دوران وادی میں دن کے درجے حرارت میں گراوٹ ریکارڈ ہوسکتی ہے۔
ادھر وادی میں مطلع ابر آلود رہنے سے وادی کے شبانہ درجہ حرارت میں نمایاں بہتری درج ہوئی ہے۔
گرمائی دار الحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت 3.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت 3.3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
وادی کے مشہور زمانہ سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی3.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی3.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت 0.7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی0.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
سرحدی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت 0.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت 2.1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
گیٹ وے آف کشمیر کے نام سے مشہور قصبہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت 2.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی0.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
لداخ یونین ٹریٹری کے ضلع لیہہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی5.0 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ ضلع کرگل میں کم سے کم درجہ حرارت منفی6.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ وادی کشمیر میں چالیس روزہ چلہ کلان 21 دسمبر سے مسند اقتدار پر جلوہ افروز ہے۔
چلہ کلان جو ’شہنشہاہ زمستان‘ کے نام سے بھی وادی کے قرب وجوار میں مشہور ہے،21 دسمبر سے شروع ہو کر 31 جنوری کو اختتام پذیر ہوجاتا ہے۔