بریتھ اینالائزروں کو لایا بروئے کار، عوام نے کشتواڑ پولیس کی کاؤشوں کو سراہا
بابر فاروق
کشتواڑ//کشتواڑ پولیس فعال اقدامات اور مسلسل پیشہ ورانہ ترقی کے ذریعے عوام کے لیے سفر کو آسان اور بہتر بنانے کے لیے اپنی لگن کا اعادہ کرتی ہے۔ ایک حالیہ پیشرفت میں سینئر سپریٹنڈنٹ آف پولیس کشتواڑ خلیل پوسوال نے ضلع پولیس لائنز کشتواڑ میں سڑک حادثات کی تحقیقات پر ایک روزہ ورکشاپ کے ساتھ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی صلاحیتوں کو بڑھانے میں ایک اہم قدم اٹھایا۔ ورکشاپ کے دوران سینئر سپریٹنڈنٹ آف پولیس کشتواڑ خلیل پوسوال نے تفتیشی آفیسران کو بریتھ اینالائزروں کے استعمال کے بارے میں جانکاری فراہم کی۔ یہ پہل کشتواڑ پولیس کے عوامی تحفظ کو برقرار رکھنے اور سڑک حادثات پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی کو بڑھانے کے عزم کے ساتھ مضبوطی سے ہم آہنگ ہے۔ضلع پولیس لائنز میں ورکشاپ کے بعد کشتواڑ پولیس نے مین بس اسٹینڈ کشتواڑ پر ایک خصوصی ناکا قائم کیا اور نشے میں گاڑی چلانے کی جانچ کے لیے پہلی بار بریتھ اینالائزر کا استعمال کیا۔ اس دوران کئی گاڑیوں کے ڈرائیوروں کو بذریعہ اینالائزر چیک کیا گیا تاکہ نشہ میں گاڑی چلانے والوں ڈرائیوروں کے خلاف کاروائی کی جا? جو کہ بعض اوقات کشتواڑ ضلع میں سڑک حادثات کی ایک بڑی وجہ ہوتی ہے۔ قائم کردہ ناکہ کے دوران کشتواڑ پولیس کے سینئر آفیسران بشمول ڈی وائی ایس پی ہیڈکوارٹر کشتواڑ ڈاکٹر ایشان گپتا، انسپکٹر پرویز احمد کھانڈے اسٹیشن ہاؤس آفیسر کشتواڑ، انسپکٹر دل راج اور دیگر آفیسران موجود رہے۔ عوام کشتواڑ نے منشیات کی لعنت کو روکنے اور سڑک حادثات کو کم کرنے کی کاؤشوں پر کشتواڑ پولیس کے کردار کو سراہا۔