لازوال ویب ڈیسک
سری نگر//جموں وکشمیر کے کشتواڑ ضلع کے کیشون علاقے میں سیکورٹی فورسز اور ملی ٹینٹوں کے مابین جاری تصادم میں جونیئر کمیشنڈ آفیسر(جے سی او) جاں بحق ہوا ہے۔
معلوم ہوا ہے کہ سیکورٹی فورسز نے ایک وسیع العریض جنگلی علاقے کو محاصرے میں لے کر فرار ہونے کے راستوں پر پہرے بٹھا دئے ہیں۔
https://www.jkpolice.gov.in/
اطلاعات کے مطابق اتوار کی صبح سیکورٹی فورسز نے مصدقہ اطلاع موصول ہونے کے بعد کشتواڑ کے کیشون علاقے کو محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن شروع کیا۔
دفاعی ذرائع کے مطابق جوں ہی سلامتی عملے کے اہلکار مشتبہ مقام کے نزدیک پہنچے تو وہاں پر چھپے بیٹھے ملی ٹینٹوں نے اندھا دھند فائرنگ شروع کی جس کے نتیجے میں فوجی آفیسر سمیت چار پیرا کمانڈوز کے اہلکار زخمی ہوئے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ زخمیوں کو علا ج ومعالجہ کی خاطر نزدیکی ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں جونیئر کمیشنڈ آفیسر(جے سی او) راکیش کمار زخموں کی تاب نہ لا کر چل بسا
ذرائع کا کہنا ہے کہ سیکورٹی فورسز نے کشتواڑ کے ایک درجن کے قریب علاقوں کو محاصرے میں لے کر فرار ہونے کے سبھی راستوں پر پہرے بٹھا دئے ہیں۔
دریں اثنا جموں نشین دفاعی ترجمان نے ایکس پر جانکاری فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ کشتواڑ میں سیکورٹی فورسز اور ملی ٹینٹوں کے مابین جاری تصادم میں فوج کا جونیئر کمیشنڈ آفیسر جام شہادت نوش کرگیا۔‘
انہوں نے کہاکہ علاقے میں تین سے چار ملی ٹینٹ پھنس کر رہ گئے ہیں جنہیں بہت جلد مار گرایا جائے گا۔
آخری اطلاعات موصول ہونے تک علاقے میں آپریشن جاری تھا۔ اس سلسلے میں مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔