ہمارا منشور کرناٹک کے عوام کی من کی بات:راہول گاندھی
لازوال ڈیسک
منگالوروصدر کانگریس راہل گاندھی نے کرناٹک انتخابات کے سلسلہ میں پارٹی کا منشور جاری کیا۔ انہوں نے وزیراعلی سدارامیا اور پارٹی کے دیگر سینئر لیڈران کی موجودگی میں منگالورو میں ایک تقریب میں یہ منشور جاری کرتے ہوئے کہاکہ منشور میں جو کچھ بھی کہا گیا ہے ،وہ پورا کیاجائے گا۔انہوں نے دعوی کیاکہ گزشتہ منشور میں جو بھی وعدے کئے گئے تھے ، ان میں سے تقریبا95فیصد وعدے پورے کئے گئے ۔راہل گاندھی نے کہاکہ بی جے پی کے منشور کو اس پارٹی کے تین تا چار لیڈروں نے تیار کیا ہے اور یہ آرایس ایس کا منشور ہے ۔انہوں نے کہاکہ وہ کرناٹک کے عوام کی بات سننے کے لئے یہاں آئے ہیں۔انہوں نے کہاکہ ہمارے مخالفین کرناٹک کی تہذیب کا احترام نہیں کرتے ۔وزیراعظم نریندر مودی اور بی جے پی جو بات کہتے ہیں ، ان پر عمل نہیں کرتے ۔انہوں نے کہا”گزشتہ تین ماہ کے دوران میں نے ریاست کے ہر ضلع کادورہ کیا اور یہ ایک بہترین تجربہ رہا ۔میں کرناٹک کے عوام کا شکریہ ادا کرتا ہوں ۔ہر ریاست اب کرناٹک کی سمت دیکھ رہی ہے ۔میں کرناٹک کے عوام کا شکریہ اداکرتا ہوں کہ اس مشکل گھڑی میں آپ کے وقار نے ملک کی مدد کی ہے ۔اگر اس ریاست کے ہر ضلع کا احترام نہ کیاجائے اور اس کی بات نہ سنی جائے تو اس ریاست کا کوئی بھی مستقبل نہیں ہوگا۔ہمارا منشور کرناٹک کے عوام کی من کی بات پر مشتمل ہے ۔”کانگریس کے اس منشور میں کسانوں کی ترقی کو اجاگر کیا گیا ہے ۔ساتھ ہی ترقی ، تعلیم،کھیل کود،ثقافت ،آئی ٹی اور بہتر حکمرانی اس منشور میں شامل کئے گئے ہیں۔راہل گاندھی ان انتخابات کے لئے کرناٹک کے کئی علاقوں میں کافی سرگرمی سے مہم چلارہے ہیں ۔