رائے بریلی: اترپردیش کے رائے بریلی سے کانگریس رکن اسمبلی ادیتی سنگھ جلد ہی شادی کے رشتے میں بندھنے والی ہیں۔ ان کی شادی پنجاب کے کانگریس رکن اسمبلی انگد سینی سے طے ہوگئی ہے۔ ادیتی دہلی میں 21 نومبرکوانگد سینی کی دلہن بنیں گی۔ ریسپشن بھی دہلی میں ہی 23 نومبرکورکھا گیا ہے۔ ادیتی نے میڈیا سے بات چیت میں اپنی شادی کی تصدیق کی ہے۔ ادیتی سنگھ نے یہ بھی کہا کہ یہ شادی ان کے والد نے طے کی تھی۔ فیملی کے ذرائع نے بتایا کہ تقریب کےلئےمہمانوں کو مدعو کرنے کے لئے دعوت نامہ (شادی کارڈ) تقسیم کئے جارہے ہیں۔
انگد اورادیتی سنگھ سال 2017 میں رکن اسمبلی منتخب ہوئے اوردونوں سیاسی فیملی سے تعلق رکھتے ہیں۔ انگد سنگھ نے شادی کی بات کا اعتراف کیا ہے۔ انگد سنگھ نے سال 2017 میں سیاست میں قدم رکھا اورشہید بھگت سنگھ نگرسے اسمبلی انتخابات میں جیت حاصل کی۔ رکن اسمبلی انگد سنگھ آنجہانی دلباغ سنگھ کی فیملی سے آتے ہیں۔ دلباغ سنگھ نواں شہرسیٹ سے 6 باررکن اسمبلی تھے۔