کانگریس ٹکڑے ٹکڑے گینگ کی زبان بول رہی ہے: مودی

0
0

نوادہ// وزیر اعظم نریندر مودی نے آج کانگریس پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ ٹکڑے ٹکڑے گینگ کی زبان بول رہی ہے اور کہہ رہی ہے کہ راجستھان یا ملک کے دیگر حصوں کے لوگوں کا جموں و کشمیر میں دفعہ 370 ہٹانے سے کیا واسطہ ہے؟۔

نوادہ پارلیمانی حلقہ سے انتخاب لڑنے والے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے امیدوار وویک ٹھاکر کے حق میں اتوار کو ایک انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر مودی نے کہا کہ کانگریس کے قومی صدر نے راجستھان میں اپنی تقریر کے دوران کہا تھا کہ جموں و کشمیر سے دفعہ 370 کو ہٹا نے کا راجستھان یا ملک کے دیگر حصوں سے کیا لینا دینا ہے۔ وزیر اعظم یہاں آکر دفعہ 370 کی بات کیوں کرتے ہیں؟ انہوں نے کہا کہ ان کی یہ بات سن کر انہیں شرم آئی۔ کیا جموں و کشمیر ہمارا نہیں؟

مسٹر مودی نے سخت لہجے میں کہا کہ کانگریس والے سن لیں اور سمجھ لیں جموں و کشمیر ہندوستان کا حصہ ہے اور ہمیں اس کی حفاظت کرنی ہے۔ بہار، راجستھان اور ملک کے دیگر حصوں کے بہت سے نوجوانوں نے مادر وطن کی حفاظت کے لیے عظیم قربانیاں دی ہیں۔ جموں و کشمیر کو بچانے کے لیے کئی بہادر فوجی ترنگے میں لپٹے ہوئے واپس آئے ہیں۔ ایسے شہید فوجیوں کے اہل خانہ سے پوچھنا کہ ان کا دفعہ 370 سے کیا لینا دینا، شرمناک ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ یہ ٹکڑے ٹکڑے گینگ کا اثر ہے کہ یہ لوگ (کانگریس) ایسی زبان بولنے لگے ہیں۔ ایسی زبان بولنے اور شہیدوں کی توہین کرنے والوں کو معاف نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستانی اتحاد کے لوگ ہندوستان کی ایک اور تقسیم کی بات کرتے ہیں۔ کانگریس کے ایک لیڈر کھلے عام کہہ رہے ہیں کہ وہ جنوبی ہندوستان کو الگ کر دیں گے۔ عوام اس الیکشن میں ایسی سوچ رکھنے والی جماعت کو ضرور سبق سکھائیں گے۔
مسٹر مودی نے کہا کہ ان کی حکومت نے پچھلے 10 سالوں میں جو کام کیا ہے وہ قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے) کو ملنے والی عوامی حمایت سے ظاہر ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے لال قلعہ سے کہا تھا کہ یہ صحیح وقت ہے، یہ وقت ہندوستان کی تاریخ میں کئی صدیوں کے انتظار کے بعد آیا ہے۔ یہ وہ وقت ہے جب ہم مل کر کام کریں تو ہندوستان ترقی کر سکتا ہے۔ ہمیں یہ موقع نہیں گنوانا چاہیے اس لیے 2024 کا یہ الیکشن بہت اہم ہو گیا ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ پچھلے 10 سالوں میں بہار کے لوگوں نے ملک میں کئی بڑے فیصلے ہوتے دیکھے ہیں۔ آج ہندوستان میں جدید انفراسٹرکچر بنایا جا رہا ہے۔ آج بہار میں جدید ایکسپریس وے بن رہے ہیں اور ریلوے اسٹیشنوں کو جدید بنایا جا رہا ہے۔ وندے بھارت جیسی ٹرینیں بڑھ رہی ہیں۔ ڈیجیٹل انقلاب نے سرکاری خدمات کو موبائل فون تک پہنچا دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج ہندوستان کی آواز پوری دنیا میں سنی جا رہی ہے۔ یہ عوام کے ووٹ کی طاقت سے ہو رہا ہے جس نے ملک کو ایک مضبوط حکومت دی ہے اور اسی کی وجہ سے ملک مضبوط اقدامات کر رہا ہے۔ انہیں یقین ہے کہ عوام ترقی یافتہ ہندوستان کے عزم کو پورا کرنے کے لیے بھرپور حمایت دیں گے۔
مسٹر مودی نے کہاکہ "میں ملک سے غربت مٹانے کے مشن سے وابستہ ہوں، آپ کی طرح میں نے بھی غربت میں زندگی گزاری ہے۔ میں کبھی نہیں بھول سکتا کہ 2014 سے پہلے ملک کی کیا حالت تھی۔ کروڑوں ملک کے باشندے کچے گھروں میں رہتے تھے۔ وہ کچی بستیوں میں رہنے پر مجبور تھے یا بے گھر تھے۔ملک کے دیہاتوں میں زیادہ تر لوگ کھلے میں رفع حاجت کرنے پر مجبور تھے۔غریبوں کے پاس نہ گیس کا کنکشن تھا اور نہ ہی نلکے کا پانی۔اناج بچولیے کھاجاتے تھے۔غریبوں کو ہسپتالوں میں در در بھٹکنا پڑتا تھا۔ غریب کا بیٹا مودی غریبوں کا سیوک ہے۔ میں تب تک آرام سے نہیں بیٹھوں گا جب تک میں ملک کے تمام بھائیوں اور بہنوں کی غربت ختم نہیں کردیتا۔

FacebookTwitterWhatsAppShare

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا