سیہور، مدھیہ پردیش کے سیہور ضلع کے اشٹا تھانہ علاقے میں پگاڑیا وادی کے قریب ایک کار اچانک بے قابو ہوکر حادثے کا شکار ہوگئی، جس کی وجہ سے اس میں سوار دو افراد کی موقع پر ہی موت ہوگئی، جب کہ تین افراد شدید زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو سول اسپتال آشٹا میں داخل کرایا گیا ہے۔ گاڑی میں پانچ لوگ سوار تھے۔
پولس ذرائع کے مطابق کل شام اندور سے بھوپال کی طرف جارہی ایک کارآشٹا تھانہ علاقہ کے مکاتی فارم ہاؤس کے قریب بے قابو ہوکر حادثہ کا شکار ہوگئی۔ حادثے میں امت چودھری (28) اور گوپال موریہ (30) دونوں اندور کے رہنے والے تھے، موقع پر ہی دم توڑ گئے۔
زخمیوں میں امن ورما اندور، پیوش سیجوریا اندور اور رتیش مگرے اندور کے نام بتائے گئے ہیں۔ اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور زخمیوں کو سول اسپتال پہنچایا۔ پولیس تفصیلی تفتیش کر رہی ہے۔ ابتدائی معلومات کے مطابق یہ تمام نوجوان ایک شادی میں فوٹو شوٹ کے لیے اندور سے بھوپال جا رہے تھے۔ یہ حادثہ راستے میں گاڑی کی بریک فیل ہونے کی وجہ سے پیش آیا۔