لازوال ڈیسک
جموں؍؍ڈپٹی کمشنر جموں، اونی لواسا نے آج یہاں جموں ہاٹ میں جموں کے دستکاری کے پروڈکٹ کیٹلاگ کا آغاز کیا۔کیٹلاگ میں دستکاری کی مختلف مصنوعات سے متعلق تمام تفصیلات موجود ہیں جن میں کریوال، سوزنی، چمبہ، تلہ، پھولکاری، اور کڑھائی، بانس کی مصنوعات، بسوہلی پینٹنگ، کشمیری پشمینہ، لکڑی کے دستکاری کی اشیاء اور اس طرح کی دیگر مصنوعات شامل ہیں۔ڈپٹی کمشنر نے دیگر افسران کے ساتھ نمائش میں جموں خطہ کے مختلف دستکاریوں کی نمائش کرنے والے ہر اسٹال کا چکر لگایا اور مصنوعات کی خوبیوں کے بارے میں دریافت کیا۔ڈی سی کو جموں ہاٹ میں سٹال لگانے والے کاریگروں کو درپیش بعض مسائل سے آگاہ کیا گیا۔ مسائل بنیادی طور پر پانی اور بجلی کی غیر قانونی فراہمی اور مصنوعات کی تشہیر/مارکیٹنگ سے متعلق تھے۔کاریگروں کو مکمل تعاون فراہم کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے انہیں یقین دلایا کہ ان کے تمام تحفظات کو مرحلہ وار دور کیا جائے گا۔ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ محکموں کی کاوشوں کو بھی سراہتے ہوئے ان سے کہا کہ وہ دستکاری کے سامان کی پیداوار میں اضافہ کرنے میں معاونت کریں۔