لازوال ڈیسک
بشناہ؍؍سابق کابینہ وزیر اور ڈوگرہ صدر سبھا، جموں و کشمیر، جموں، (ڈی ایس ایس) کے صدر گلچین سنگھ چاڑک نے آج حکومت کو سبھا کے مختلف مخصوص مطالبات کے بارے میں یاد دلایا جن کو وقتاً فوقتاً پیش کیا جاتا رہا ہے اور صحیح طور پر اجاگر کیا جاتا رہا ہے، لیکن آج تک حکومت کی جانب سے نتیجہ خیز جواب اور مناسب کارروائی کا انتظار ہے۔انہوں نے سرپنچوں، پنچوں، نمبرداروں/چوکیداروں اور بشناہ اور آس پاس کے علاقوں کے سرکردہ باشندوں کے ایک بڑے اجتماع سے تبادلہ خیال کرتے ہوئے کہا کہ لوگوں کا مجموعی طور پر لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا پر بھروسہ ہے۔انہوں نے مزیدکہاکہ جموں کے لوگوں کے جذبات کے تئیں ان کی انتظامیہ کا بڑھتا ہوا لاتعلق رویہ عوام کے ایک بڑے حصے کو اس خوش کن امید سے تیزی سے دور کر رہا ہے جو اس انتظامیہ نے اپنے ابتدائی سالوں میں پیدا کی تھی۔چاڑک نے حکومت کو متنبہ کیا کہ اب یہ آوازیں سنائی دے رہی ہیں کہ جموں کے لوگوں اور ان کے ورثے اور ثقافت کے ساتھ اس حکومت کی طرف سے سوتیلی ماں جیسا سلوک کیا جا رہا ہے۔انہوں نے مرکزی اور یوٹیسطح پر حکومتوں پر زور دیا کہ جموں کے لوگوں کا اعتماد فوری طور پر بحال کیا جائے اس سے پہلے کہ دیر ہو جائے۔اس موقع پرڈی ایس ایس نے رنبیر کینال کو ورثے کا درجہ دینے اور نمبردار/چوکیدار ادارے کو مضبوط کرنے کا مطالبہ کیا۔