ڈی آئی جی آر پی رینج نے ڈی پی ایل راجوری میں انٹیلی جنس اور سیکیورٹی ریویو کانفرنس کی صدارت کی
لازوال ڈیسک
جموں//انسداد دہشت گردی کی جاری کارروائیوں کا جامع سیکورٹی جائزہ لینے اور راجوری اور پونچھ اضلاع کے انٹیلی جنس نیٹ ورک کے کام کاج کی نگرانی کرنے کے لیے، ڈی آئی جی آر پی رینج ڈاکٹر محمد حسیب مغل کی زیر صدارت ایک انٹیلی جنس اور سیکورٹی جائزہ کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ اس اجلاس میں پونچھ اور راجوری کے کئی سینیئر عہدیداروں نے شرکت کی۔ وہیں داخلی سلامتی، دہشت گردی، آئندہ محرم، یوم آزادی، شری بڈھا امرناتھ جی یاترا، این ایچ ڈبلیو کی تعیناتی، وی ڈی جیز، گارڈز اور پی ایس اوز کے جائزہ سے متعلق مسائل پر میٹنگ میں تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔تاہم افسران نے ڈی آئی جی آر پی رینج کو ان کے فیلڈ انٹیلی جنس گرڈ، سیکیورٹی کی تعیناتیوں اور ان کی ذمہ داری کے علاقے میں دہشت گردی کے نیٹ ورکس کے خاتمے کے لیے کیے جانے والے اقدامات کے بارے میں بتایا۔وہیں ڈی آئی جی آر پی رینج نے افسران پر زور دیا کہ وہ انسانی رابطوں کے علاوہ جدید انٹیلی جنس جمع کرنے/تجزیہ کے طریقہ کار کو اپنا کر دہشت گردی کے نیٹ ورک کو ختم کرنے کے لیے مخلصانہ کوششیں کریں۔اس موقع پر تمام افسران کو تاکید کی گئی کہ وہ کسی بھی چیلنج/واقعے سے نمٹنے کے لیے انتہائی چوکسی اور آپریشنل تیاری کو برقرار رکھیں اور آنے والے تمام واقعات کے پرامن انعقاد کو یقینی بنائیں۔