سری نگر،27جولائی(یو این آئی) جنوبی ضلع اننت ناگ کے ڈکسم کوکر ناگ علاقے میں ہفتے کے روز ایک نجی گاڑی کو حادثہ پیش آیا جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوار ایک ہی کنبے سے وابستہ پانچ بچے ، دو خواتین سمیت 8افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق ہفتے کے روز ڈکسم کوکر ناگ کے نزدیک ایک گاڑی زیر نمبر (JK03H9017)ڈرائیور کے قابو سے باہر ہو کر گہری کھائی میں جاگری جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوار پانچ ، بچے ، دو خواتین سمیت آٹھ افراد کی برسر موقع ہی موت واقع ہوئی۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس ، مقامی لوگ اور فوجی اہلکار جائے موقع پر پہنچے اور ریسکیو آپریشن شروع کیا تاہم حادثہ اس قدر بھیانک تھا کہ گاڑی میں سوار آٹھ افراد کی موقع پر ہی موت واقع ہوئی تھی۔نمائندے نے بتایا کہ حادثے میں جاں بحق ہوئے افراد کو پوسٹ مارٹم کی خاطر سب ضلع ہسپتال کوکر ناگ پہنچایا گیا جہاں پر قانونی اور طبی لوازمات پورے کرنے کے بعد لاشیں کشتواڑ روانہ کی گئیں۔
مہلوکین کی شناخت امتیاز احمد راتھر ولد غلام رسول راتھر ساکن کشتواڑ ، 40سالہ افروزہ بیگم زوجہ امتیاز احمد راتھر ساکن کشتواڑ، 40سالہ ریشما زوجہ ماجد احمد ، 12سالہ اریبہ امتیاز دختر امتیاز احمد ، 10سالہ آنیا جان دختر امتیاز احمد 6سالہ ابھان امتیاز دختر امتیاز احمد ، 16سالہ مسیب ماجد ولد ماجد احمد 8سالہ مشال ماجد ولد ماجد احمد کے بطور کی گئی ہے۔حادثے میں امتیاز احمد راتھر نامی پولیس اہلکار کی بیوی اور تین بیٹیاں بھی جاں بحق ہوئی ہیں۔
نامہ نگار نے بتایا کہ کشتواڑ میں جوں ہی ایک ہی کنبے کے آٹھ افراد کی حادثے میں موت واقع ہونے کی خبر پھیل گئی تو وہاں کہرام مچ گیا ، خواتین سینہ کوبی کرنے لگیں۔دریں اثنا پولیس نے حادثے کی وجوہات جاننے کی خاطر کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی ہے۔